اسلام آباد.... وزارت داخلہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ چوہدری نثار کی مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں عدم شرکت کو غلط رنگ نہ دیا جائے۔جمعہ کو جاری بیان میں کہا گیا کہ چوہدری نثار ذاتی وجوہ پر پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔ اس سے پہلے بھی وہ کئی پارلیمانی پارٹی کے اجلاسوں میں شرکت نہیں کر سکے تھے۔ اس پہلو کو غلط رنگ نہ دیا جائے۔ترجمان نے کہ گزشتہ روز وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کوئی تلخی نہیں ہوئی اور نہ وزیر داخلہ نے اجلاس سے واک آوٹ کیا۔ ترجمان نے کہا کہ وزیر داخلہ پریس کانفرنس کرکے اپنا موقف عوام اور میڈیا کے سامنے رکھیں گے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم نواز شریف کے زیر صدارت ن لیگ کے پارلیمانی اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے شرکت نہیں کی۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بھی چوہدری نثار تاخیر سے پہنچے اور کچھ دیر بعد ہی اجلاس سے اٹھ کر چلے گئے تھے۔ سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم ہاوس اور وزیر داخلہ کے مابین سب کچھ ٹھیک نہیں ہے۔