جدہ ( ارسلان ہاشمی ) ڈائریکٹر یٹ جنرل جوازات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ خروج وعودہ پر وطن جانے والے اگر وقت مقررہ پر نہ لوٹیں تو سسٹم میں انکے اقامے کینسل کر انا ضروری ہونگے ۔ جوازات کی جانب سے جاری بیان کی وضاحت کرتے ہوئے مزید کہا گیا ہے کہ مملکت میں کام کرنے والے غیر ملکی کارکن یا انکے اہل خانہ مقررہ مدت کے لئے خروج و عودہ پر اپنے ملک جاتے ہیں اور ایگزٹ ری انٹری ویزے کی مدت ختم ہونے کے بعد مملکت نہیں آتے تو انکے کفیلوں کو چاہئے کہ وہ اپنے زیر کفالت افراد کے اقامے جوازات میں جمع کروائیں تاکہ انکے سسٹم سے انہیں ختم کیا جاسکے ۔ سسٹم میں زیرکفالت افراد ( اہل خانہ ) کو کینسل کرانے کو " خرج ولم یعد " کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے جس کے معنی ہیں " جانے کے بعد لوٹ کر نہیں آیا "۔ جوازات کے ذمہ دار نے بتایا کہ مملکت میں مقیم غیر ملکی کارکنوں کے اہل خانہ جو اقاموں پر مقیم ہیں انکے لئے بھی سسٹم میں اقامہ کینسل کرانا ضروری ہو گا بصورت دیگر جرمانہ عائد کیا جائے گا ۔ خروج و عودہ پر جاکر مدت ختم ہونے کے 30 دن کے بعد جوازات میں اقامہ کینسل کروانا ضروری ہے ۔