اسلام آباد...وفاقی کابینہ نے پانامہ کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی رپورٹ اور اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم کے استعفے کا مطالبہ مسترد کردیا ۔ وفاقی کابینہ نے وزیراعظم نواز شریف کی قیادت پر مکمل اظہار اعتماد کیا۔ کابینہ نے موجودہ صورتحال کو ملک کی ترقی کے خلاف سازش قرار دیا۔ اس موقع پرنواز شریف نے کہا کہ عوام نے منتخب کیا ہے۔ سازشی ٹولے کے کہنے پر استعفیٰ نہیں دوں گا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ 1937 سے ہمارا آبائی کاروبار ہے۔ہمارے خاندان نے سیاست سے کچھ نہیں کمایا البتہ کھویا بہت کچھ ہے۔ میرے اورشہباز شریف کے کسی بھی دور کی کرپشن کا کوئی ثبوت ہے تو اسے سامنے لایا جائے۔ ہمارا ضمیر اور دامن صاف ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں اربوں کے منصوبے لگ رہے ہیں لیکن کوئی بد عنوانی ثابت نہ ہوئی۔جے آئی ٹی رپورٹ ذاتی کاروبارکے بارے میں مفروضوں، الزامات اور بہتانوں کا مجموعہ ہے۔رپورٹ میں استعمال کی گئی زبان سے بدنیتی عیاں ہوتی ہے۔انہوںنے کہا کہ پاکستان ماضی میں تماشوں کی بھاری قیمت ادا کرچکا، اب یہ سلسلہ بند ہوجانا چاہیے۔ہماری انگلیاں عوام کی نبض پرہیں۔ سائنٹیفک جائزے بتارہے ہیں کہ عوام کی بھاری اکثریت ہمارے ساتھ ہے۔کبھی دھاندلی ، کرپشن نہیں کی۔ہنگامے کھڑے کرنے والے ناکام و نامراد رہیں گے۔ وقت آنے پر سب راز کھل جائیں گے اور وہ وقت زیادہ دور نہیں۔