کراچی ...پا ک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹرفاروق ستار کی جانب دوستی کا ہاتھ بڑھاتے ہوئے کہا ہے کہ عوام اور کراچی کی ترقی کے لئے فاروق ستار اور ان کے ساتھیوں کو مل کر کام کرنے کی دعوت دیتا ہوں۔22اگست کے بعد قائد ایم کیو ایم کی جماعت نہیں چل سکتی ہے ۔جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد حقائق واضح ہوگئے ۔اب وزیراعظم نواز شریف کو فوری طور پر استعفیٰ دے دینا چاہیے ۔ان کی جانب سے استعفیٰ دینے میں تاخیر جمہوریت کے لئے نقصان دہ ہوگی ۔ منگل کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کا فائدہ پیپلزپارٹی کو بد ترین کرپشن اور نا اہلی کے با وجود ہو رہا ہے۔کراچی کے عوام کے اندر تشویش کی لہر دوڑ رہی ہے کہ جس پیپلزپارٹی نے لاڑکانہ نہیں بنایا وہ کراچی کا کیا کرے گی۔انہوںنے کہا کہ فاروق ستار کا فلسفہ ناکام ہو گیا ۔کراچی کے عوام کو گواہ بنا کر فاروق ستار کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھاتا ہوںاور انہیں دعوت دیتا ہوں کہ عوام اور کراچی کی ترقی کے لئے ہمارے ساتھ مل کر کام کریں ۔