اسلام آباد...اپوزیشن نے وزیراعظم نواز شریف پر دباو بڑھانے کا فیصلہ کرلیا۔قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ اور تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کے درمیان منگل کو اہم ملاقات ہوئی ۔ دونوں رہنما وں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وزیراعظم کے مستعفی ہوجانے سے جمہوری نظام کو کوئی خطرہ نہیں۔ نواز شریف پر پارلیمنٹ میں دباو بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ پر پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کی رائے ایک ہے۔جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد نوازشریف، سیاسی اور اخلاقی جواز کھو چکے ہیں ۔نوازشریف کو فی الفور وزارت عظمیٰ سے مستعفی ہوجانا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ قومی اسمبلی کا اجلاس ریکوزٹ کرنے پر بھی اتفاق ہوا ہے ۔انہوں نے قومی اسمبلی میں کی گئی تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے کہا تھا کہ تحقیقات اگر میرے خلاف آئیں تو استعفی دے دوں گااب وہ لمحہ آگیا جس کا نواز شریف نے کہا تھا۔ اس حوالے سے دیگر اپوزیشن جماعتوں سے بھی رابطہ کریں گے۔