ریاض۔۔۔۔نوجوان سعودی انجینیئر محمد صائغ نے’’ مظلۃ مکہ ‘‘کے نام سے 610گرام وزنی ایئر کنڈیشنڈ چھتری ایجاد کردی ۔ اس کی بدولت حجاج کرام سخت درجہ حرارت اور ذہنی وجسمانی تھکاوٹ سے محفوظ رہیں گے۔ ایک کمپنی نے حج موسم شروع ہونے سے قبل یہ چھتری تیار کرکے مارکیٹ میں لانے کا پروگرام بنا لیا ہے۔ محمد صائغ نے البلاد اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس چھتری کا استعمال آسان ہے اس میں ایک پنکھا لگایا گیا ہے جسے 2رفتار سے چلانے کی گنجائش ہے۔ اس میں پانی کی پھوار کیلئے ایک دستی آبشار بھی رکھا گیاہے۔چھتری عام بیٹری کی مدد سے مسلسل 8گھنٹے تک موثر ہوگی۔ حج موسم میں ضیوف الرحمن اس سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں گے۔