ماسکو- - - - روسی محکمہ تحفظ حیوانات کے ذمہ داروں نے مختلف ذرائع سے موصول ہونیو الی شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے ایک ہوٹل پر چھاپہ مار ا اور وہاں سے دو ایسے شیروں کو برآمد کرلیا جنہیں بھوکا رکھا جارہا تھا اور جن پر تشد د بھی کیا جاتا تھا۔ کہا جاتا ہے کہ شیروں کا مالک کیرل بابنکو ان شیروں کو ہوٹل میں ٹھہرنے والے سیاحوں اور علاقے کی سیر کو آئے ہوئے لوگوں کا دل لبھانے کیلئے استعمال کرتا تھا اور ان سے اچھی خاصی آمدنی خود ہتھیا لیتا تھا۔ تاہم جب چھاپہ پڑا تو ملزم ہوٹل میں موجود نہیں ملا پتہ چلا ہے کہ وہ بھاگ کر ہندوستان چلا گیاہے۔ برآمد ہونے والے شیروں کو جانوروں کے خاص اسپتال میں منتقل کردیاگیا ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملک کے کئی علاقوں میں بہت سے لوگ جانوروں کی غیرقانونی تجارت کرتے ہیں اور انہیں سدھارنے کیلئے لوہے کی سلاخوں سے انہیں مارتے بھی ہیں۔ رہائی کے بعد جب شیروں کے سامنے کھانے کی چیزیں رکھی گئیں تو وہ اتنے لاغر ہوچکے تھے کہ ان میں کوئی بھی کھانے کی طرف نہیں بڑھا۔