پناجی- - - - ریاست گوا کے ایک ائیرپورٹ پر بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ نے جی ایس ٹی کے سلسلہ میں جو تقریر کی تھی اس کا بمبئی ہائیکورٹ کی گوا بنچ نے نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری شہری ہوا بازی سے جواب طلب کر لیا ہے۔ دراصل گزشتہ ہفتے امیت شاہ گوا گئے تھے جہاں ائیرپورٹ پر لوگوں کی بھاری تعداد جمع ہو گئی تھی جو ائیرپورٹ کے احاطے کے اندر کھڑی تھی۔ امیت شاہ نے ان لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے جی ایس ٹی کی اچھائیوں پر روشنی ڈالی۔ چونکہ ائیرپورٹ کے احاطے میں کسی بھی طرح کی سیاسی سرگرمیوں کی ممانعت ہے کیونکہ اس سے مسافروں اور طیاروں کے عملے کی سلامتی کا خدشہ پیدا ہوتا ہے اسلئے بمبئی ہائیکورٹ نے وزارت ہوابازی کے سیکریٹری اور بی جے پی صدر کی پبلک میٹنگ سے تعلق رکھنے والے دوسرے افراد کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے ان سے جواب طلب گیا ہے۔ امیت شاہ کی ڈبولیم ائیرپورٹ کے احاطے میں تقریر کیخلاف ایک سماجی کارکن ایرز روڈرگز نے ہائی کورٹ میں شکایت درج کرائی تھی جس میں الزام لگایا تھا کہ احاطے میں کسی بھی طرح کی پبلک میٹنگ کی اجازت نہیں کیونکہ مذکورہ ائیرپورٹ بحریہ کے فوجی ائیرویز ہانسہ کا ہی ایک حصہ ہے بلکہ اس کے احاطے میں ہی واقعہ ہے۔ ہائی کورٹ کی 2رکنی بنچ کے جسٹس ایف ایم رئیس اور جسٹس نوتن سردیسائی نے پٹیشن کی سماعت کرتے ہوئے وزارت شہری ہوا بازی سے جواب طلب کیا ہے۔ واضح رہے کہ یکم جولائی کو امیت شاہ گوا کے دورہ پر گئے تھے جہاں ڈبولیم ائیرپورٹ پر ریاست کے وزیراعلیٰ منوہر پاریکر اور مرکزی وزیر سری پد نائک نے ان کا خیر مقدم کیا تھا جن کے ساتھ سیکڑوں افراد کا ہجوم ائیرپورٹ کے احاطہ میں داخل ہو گیا تھا۔