کیمانجو ، کینیا- - - - - - کیمانجو کے اس وائلڈ لائف پریزرویشن علاقے میں ہاتھی کے یتیم بچے کو ایک شخص نے گاؤں والوں کی سنگ باری سے بچالیا تھا جس کے بعد سے وہ اپنے محسن کیلئے سراپا تشکر بنا ہوا ہے ۔ کہا جاتا ہے کہ موبیگو نامی ہاتھی کو گاؤں کے لوگ غلط فہمی کی بناء پر اس لئے ہلاک کردینا چاہتے تھے کہ ان کے خیال میں اسی نے گاؤں کی ایک عورت کو کچل کر ہلاک کردیا تھا جبکہ ایسی بات نہیں تھی۔ کوئی دوسرا ہاتھی عورت کو کچل کر چلا گیا تھا اور ہاتھی کا یہ مسکین بچہ گاؤں والوں کے ہتھے چڑھ گیا۔ مقامی کنزروینسی کے وارڈن نے صورتحال دیکھ کر ہاتھی کے بچے کی جان بچانے کی کوشش کی اور اس میں کامیاب بھی رہا۔ بعد میں ہاتھی کے اس بچے کو انتہائی زخمی حالت میں اسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ تیزی سے صحت یاب ہوچکا ہے مگر اب تک اپنے محسن کو نہیں بھولا اور جب اس نے اپنے محسن کو کچھ عرصے بعد دیکھا تو بے اختیار اسے پیار کرنے لگا۔ ہاتھی کے بچے کی طرف سے ایسے جذبات کے اظہار سے عینی شاہدین بہت متاثر ہوئے اور کئی ایسے تھی جو آبدیدہ بھی ہوگئے۔ وائلڈ لائف ٹرسٹ کے نگراں ڈیوڈ شیلڈرک نے اب اس ہاتھی کے بچے کیلئے علیحدہ رہائش کا انتظام کردیا ہے جہاں وہ اپنے نگراں سے محبت کرنے لگا ہے ۔ کہا جاتا ہے کہ یہی وہ نگراں تھا جو مشتعل دیہاتیوں سے اس کی جان بچانے کیلئے آگے بڑھا تھا اور اپنے مقصد میں کامیاب بھی ہوگیا تھا۔ ہاتھی کے بچے کے جسم پر تشدد کے نتیجے میں پڑ جانے والے نشانات زائل ہوتے جارہے ہیں تاہم ابھی اس کے زخم ٹھیک ہونے میں وقت لگے گا اس کی صحت یابی میں پارک کے علاقے میں پائی جانے والی ہرے رنگ کی مٹی نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ یہ قدرتی علاج ہے جو اسے اچھی طرح راس آرہا ہے۔