نئی دہلی۔۔۔۔کتے اور بلیوں جیسے پالتو جانور اگر چہ آپ کو غیر مشروط محبت اور خوشیاں دیتے ہیں لیکن اس کے ساتھ ہی وہ آپ کو جوئیں بھی منتقل کرتے ہیں ۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اس سے آپ مختلف بیماریوں میں بھی مبتلا ہوجاتے ہیں۔موسم گرما میں خاص طور پر یہ جوئیں ان جانوروں کو پریشان کرتی ہیں اور یہ جانورانسان کو منتقل کردیتے ہیں۔ میری لینڈ کے محکمہ صحت کے حکام نے کئی برسوں کی ریسرچ کے بعد کہا ہے کہ امریکہ میں شمال مشرقی ریاستوں میں اس طرح کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ کنکٹی کٹ ، میری لینڈاور نیویارک کے 2727گھروں میں تجربہ کیا گیا ۔ معلوم ہوا کہ وہاں 1526گھروں میں کتے یابلیاں یا دونوں ہی پالی گئی ہیں۔ 88فیصد گھر والوں کا کہنا تھا کہ وہ اپنے جانوروں میں جوؤں کے خاتمے کیلئے دوائیں استعمال کرتے ہیں ۔ 31فیصد مالکان کا کہنا تھا کہ جوئیں خود ان کے لباس پرچلتی ہوئی نظر آئیں۔19فیصد کا کہنا تھا کہ گھر کے کسی نہ کسی فرد پر ان جوؤں نے حملہ کیا۔ 20فیصدمالکان نے کہا کہ انہوں نے خود اپنے جانوروں پر جوئیں چلتی دیکھی ہیں۔