پٹھان کوٹ۔۔۔۔بوئنگ 777اڑانے والی دنیا کی کم عمر ترین خاتون اینی دیویا کا تعلق ہندوستان کے شہر پٹھان کوٹ سے ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ میں نے پائلٹ بننے کا خواب پورا کرنے کیلئے بڑے پاپڑ بیلے ہیں۔خاندان میں ہر شخص ہی مخالفت کرتا تھا۔ اس ہدف کو حاصل کرنا مشکل ہوچکا تھا۔ میرے والد فوج میںتھے اور ان کی ڈیوٹی پٹھان کوٹ میں تھی۔انہوں نے رضاکارانہ طور پر فوج سے ریٹائرمنٹ لی اور وجے واڑہ منتقل ہوگئے اور وہیں میں نے تعلیم حاصل کی ۔ بچپن سے ہی پائلٹ بننا چاہتی تھی اور بچے میرا مذاق اڑاتے تھے ۔ اس زمانے میں بچوں سے کہا جاتا تھا کہ وہ انجینیئر یا ڈاکٹر بنیں لیکن پائلٹ نہ بنیں۔ خوش قسمتی سے والدین نے اپنی رائے مجھ پر نہیں تھوپی۔ میری والدہ ہمیشہ ہی میری حوصلہ افزائی کرتی رہیں۔میرے خاندان کو مالیاتی مسائل کا بھی سامنا تھا۔ اگرچہ میں انگریزی لکھ پڑھ سکتی تھی لیکن انگریزی بولنا میرے لئے بڑاچیلنج تھا میں نے اس مسئلے پر بھی قابو پالیا۔ یوپی کے اندراگاندھی راشٹریہ اڑان اکیڈمی داخلہ لیا۔ایک چھوٹے شہر سے بڑے شہر منتقل ہونا مشکل تھا۔ کمزور انگریزی کی وجہ سے لوگ میرا مذاق اڑایا کرتے تھے لیکن والدین کی حوصلہ افزائی سے میں اسکالر شپ بھی حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ 19سال کی عمر میں ٹریننگ مکمل کرلی اور ایئر انڈیا سے منسلک ہوگئی۔انہوں نے مجھے ٹریننگ کیلئے اسپین بھیجا واپس آئی تو 737بوئنگ اڑان شروع کردیااور پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا 2سال بعد مزیدٹریننگ کیلئے لندن بھیجا۔ گیا۔ واپس آئی تو بوئنگ 777اڑان شروع کردیا۔ اس کے بعد میری زندگی تبدیل ہوگئی۔ اب پرواز لیکر کئی ملکوں میں جاتی ہوں۔ خواتین کو میرا مشورہ ہے کہ والدین ہی آپ کے سب سے بڑے حمایتی ہیں۔ ان پر اعتماد کریں لیکن سخت محنت کا کوئی بدل نہیں۔