اسلام آباد...وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت جمعہ کو قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں ملکی سلامتی کی صورتحال اور سرحدی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل باجوہ ،ڈی جی آئی ایس آئی ، وزیر داخلہ چوہدری نثار، وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور دیگر حکام شریک ہوئے ۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملکی سلامتی، قطر تنازع ،افغانستان سمیت مودی کے دورہ اسرائیل و امریکہ کے حوالے سے پالیسی پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قومی سلامتی کو ہر سطح پر مقدم رکھا جائے گا۔ اجلاس کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق کمیٹی نے کہا کہ عالمی امن اورسلامتی کے لئے پاکستان کی طرح کسی نے قربانیاں نہیں دیں۔ پاکستان،افغانستان میں پائیدار امن کے لئے کردار ادا کرتا رہے گا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ خطے کا امن مسئلہ کشمیر سمیت تصفیہ طلب امورکے حل سے جڑا ہے۔ افغان امن علاقائی و عالمی شراکت داروں کے تعاون کے ساتھ کابل حکومت کی کوششوں اور عزم سے مشروط ہے۔