جی سی سی میں قطر کی رکنیت معطل کرنے کا طریقہ کار کیا ہوگا
جمعرات 6 جولائی 2017 3:00
ریاض- - -- - -جی سی سی میں قطر کی رکنیت معطل کرنے کی حکمت عملی کیا ہو سکتی ہے۔ اس حوالے سے اٹھنے والے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے جی سی سی امور کے ماہرین نے واضح کیا ہے کہ یہ فیصلہ جی سی سی ہنگامی سربراہ کانفرنس کر سکتی ہے۔ قطر بحران پر بحث کیلئے کویت یا سلطنت عمان سربراہ کانفرنس طلب کر سکتے ہیں۔ وجہ یہ ہے کہ یہی دو ملک ایسے ہیں جو اختلاف سے خارج ہیں۔ جی سی سی کا رکن کوئی ایک ملک دوسرے ملک کی تائید سے ہنگامی عرب سربراہ کانفرنس کے انعقاد کی درخواست کر سکتا ہے۔ اس کے 5روز کے اندر اندر اجلاس ہو گا۔ 6ارکان میں سے 4یعنی دوتہائی کی شرکت لازم ہوگی۔بحرین جو ان دنوں جی سی سی کا چیئرمین ہے ہنگامی سربراہ کانفرنس کی صدارت نہیں کر سکتا۔ ہنگامی کانفرنس میں ہر ملک کا ایک ووٹ ہو گا ۔ کوئی ملک دوسرے ملک کی نمائندگی نہیں کر سکے گا۔ ووٹنگ حروف ابجدی کے لحاظ سے نام بنام ہوگی۔ امارات بحرین ، سعودی عرب، سلطنت عمان، قطر اور کویت سے ترتیب وار رائے معلوم کی جائے گی۔ ہاتھ اٹھا کر بھی ووٹ دیا جا سکے گا۔ اگر کسی رکن نے درخواست کی تو اس پر یا کانفرنس کے صدر کے فیصلے پر خفیہ ووٹنگ بھی ہو سکتی ہے۔