لکھنؤ(ظفر محمد ) فلم بنٹی اور ببلی میں ابھیشیک بچن نے تو ٹرین میں بلیک کوٹ پہن کر فرضی ٹی ٹی ای کا رول کیا تھالیکن لکھنؤ کے چارباغ جنکشن پر بدھ کو ایک فرضی ٹی ٹی ای پکڑا گیا ہے۔ یہ ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم پر لوگوں سے پیسے لے کر ٹرین میں سیٹ الاٹ کر رہا تھا۔چارباغ جنکشن پر جی آر پی نے مسافروں کی شکایت پر ٹی ٹی ای کو گرفتار کیا۔ ٹرین کے ایس -9 کوچ میں جب اس نے بہت سے مسافروں کو ایک ہی نشست الاٹ کردی تو لوگوں کو شک ہو گیا۔ اسکے بعد مسافر جی آر پی کے پاس پہنچے تو اس کو پکڑ لیا گیا۔ پتہ چلا کہ وہ جعلی ٹی ٹی ای ہے جو ٹرین کی پینٹری کار کا کام کرتا ہے۔یہ جعلی ٹی ٹی ای سیدھے سادھے افراد پر اسٹیشن پر گھومنے اور ٹرین میں برتھ دینے کے نام پر جرمانہ لگا کر جیل بھیجنے کی دھمکی دے کرپیسے لے کر رہا تھا۔ جی آر پی نے ملزم کے پاس سے 23 ہزار300 روپے نقد برآمد کئے ہیں۔ جی آر پی کی ٹیم نے ملزم کے گھر کی بھی تلاشی لی ۔ پوچھ گچھ میں ملزم نے اپنا نام سونو سنگھ عرف پشپیدر سنگھ ساکن مدن پور تھانہ کھڈا کشی نگر بتایا ہے۔جی آر پی کی گرفت میں آیا ملزم کلاس 6 پاس ہے۔ بیروزگاری کی وجہ سے اس نے ٹھگی کا دھندہ شروع کر دیا۔ وہ لکھنؤ میں مویا عالم باغ میں کرایہ کے مکان میں رہ رہا تھا۔ جی آر پی کی ٹیم نے دوپہر میں ملزم کے گھر کی تلاشی لی۔ جی آر پی کے سامنے ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے یہ پیسے مسافروں سے وصولی کر کے کمائے ہیں۔ جی آر پی نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر اسے گرفتار کر معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔