کراچی... پاکستان میں ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر مزید گر گئی۔ ڈالر کی قدر میں3.2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ایک موقع پر ڈالر 109 روپے10 پیسے میں فروخت کیا گیا۔وزیر خزانہ اسحاق ڈا رنے روپے کی قدر میں کمی کا نوٹس لے لیا۔انہوں نے کہا ہے کہ روپے کو مصنوعی طریقے سے کمزور کیا جا رہا ہے۔ ایسے عناصر کے خلاف کارروائی ہو گی۔روپے کی قدر میں استحکام کے لئے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا۔امریکی ڈالر جو گزشتہ روز تک 104 روپے 90 پیسے میں مل رہا تھا بدھ کو اوپن مارکیٹ میں 109 روپے 10 پیسے میں فروخت ہوا۔ صرف ایک دن میں پاکستانی روپے کی قیمت ڈالر کے مقابلے میں 4 روپے 20 پیسے کم ہوگئی تاہم مارکیٹ بند ہونے پرڈالر108روپے24 پیسے پر بند ہوا۔دنیا کی دیگر کرنسیوں کے مقابلے میں بھی پاکستانی روپے کی قدر کم ہوئی ہے۔