Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 27 جولائی ، 2025 | Sunday , July   27, 2025
اتوار ، 27 جولائی ، 2025 | Sunday , July   27, 2025

سبزیوں کی قیمت میں اضافہ،متوسط خاندانوں کا بجٹ متاثر

حیدرآباد ( ابوحمید ) ناخوشگوار موسم کے سبب تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآبادمیں سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔اچانک اس اضافہ نے متوسط خاندانوں کے ماہانہ بجٹ پر اثر ڈالا ہے۔ایک کلو ٹماٹر کی قیمت کوتہ پیٹ سبزی مارکٹ میں 60روپئے ہوگئی ہے جبکہ گزشتہ ہفتہ یہ قیمت یہاں کی کئی سوپر مارکٹس میں 80روپئے فی کلو ہوگئی تھی ۔اس کے برخلاف مارچ میں ٹماٹر فی کیلودس روپئے تھا۔مرچ جو مارچ میں 35روپئے فی کلو کے حساب سے فروخت کی جاتی تھی، اب 100تا120روپئے فی کلو فروخت کی جارہی ہے۔اسی طرح بنیزکی پھلی 25-30 روپئے کے برخلاف 50روپئے فی کلو کے حساب سے فروخت کی جارہی ہے۔کوتہ پیٹ مارکٹ یارڈ کے افسروں کے مطابق شہر حیدرآباد کوقریبی اضلاع میدک،رنگاریڈی،نلگنڈہ،محبوب نگرکے علاوہ پڑوسی ریاست آندھراپردیش کے اضلاع چتوراوراننت پورسے سبزی حاصل ہوتی ہے۔ان اضلاع بالخصوص ضلع چتور کے مدن پلی میں ہوئی شدید بارش کا اثر حیدرآبادلائی جانے والی سبزیوں پر پڑا ہے۔تاجروںکے مطابق تازہ سبزیوں کے اگنے کے لئے ایک یا دو ماہ درکار ہوں گے تب تک امکان ہے کہ ان کی قیمتوںمیں اضافہ جاری رہے گا۔کوتہ پیٹ مارکٹ یارڈ کے ایک تاجر نے کہاکہ ٹرانسپورٹیشن اورکولڈ اسٹوریج کی قیمت کی ادائیگی کے بعد آگرہ،یوپی کے دیگر حصوں ، دہلی اور راجستھان سے سبزیاں درآمد کی جاتی ہیں۔افسروں کے مطابق حیدرآباد میں تقریبا 11سبزی کی مارکٹ یارڈز ہیں۔خراب موسم کے سبب سبز پتوں والی سبزیوں کی قیمتوںمیں بھی اضافہ کا امکان ہے۔شہر میں تقریبا 4 لاکھ ٹن سبز پتوں والی سبزیوں کی فروخت کی جاتی ہے۔گزشتہ چند ہفتوں سے تقریبا تمام سبزیوںکی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ہری مرچ کو دیگر ریاستوں سے درآمد کیا جارہا ہے کیونکہ مقامی افراد کی طلب کو پورا کرنے کے لئے یہاں دستیاب فصل کافی نہیں ہے۔ایک سبزی کے تاجر نے کہا کہ ہول سیل تاجروں سے 85تا90روپئے فی کیلو مرچ خریدی جارہی ہے اور پھر پانچ تا دس روپئے منافع رکھتے ہوئے اسے فروخت کیا جارہا ہے ۔نہ صرف مرچ بلکہ دیگر سبزیوں کی قیمتوںمیں بھی بھاری اضافہ ہوگیا ہے۔ بیگن 40روپئے،بھینڈی 40روپئے،گاجر80روپئے،دھنیا پتی کی قیمت 150روپئے تک جاپہنچی ہے۔

شیئر: