Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
جمعرات ، 19 جون ، 2025 | Thursday , June   19, 2025
جمعرات ، 19 جون ، 2025 | Thursday , June   19, 2025

بدترین لوڈشیڈنگ، پانی اور گندگی کے مسائل نے اہل کراچی کی زندگی اجیرن کردی

مکہ مکرمہ (محمد عامل عثمانی ) جمعیت علماء اسلام کے صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان نے کراچی کی ِ صورتحال پر کہا کہ گرمی کے آغاز سے قبل ہی اہل کراچی پر بدترین لوڈشیڈنگ مسلط کر کے پانی بند کردیاگیا۔صوبائی حکومت عوامی مسائل کے حل میں بری طرح ناکام ہو کر رہ گئی ہے۔کے الیکٹرک نے عوام کی زندگی اجیرن بناکر رکھ دی ،کوئی پوچھنے والا نہیں۔اردو نیوز سے بات چیت کرتے ہوے قاری محمد عثمان نے مزید کہا کہ پورا شہر کچرا کنڈی کا منظر پیش کررہا ہے۔ کے الیکٹر ک کی نجکاری مافیا کی شکل اختیار کر گئی ہے ا سے فوری طور پر سرکاری تحویل میں لے کر کراچی کے شہریوں کے دیرینہ مسائل ہنگامی بنیادوں پر ہفتہ وار صفائی مہم کے ذریعے بلا امتیاز رنگ ونسل عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ حل کئے جائیں ۔قاری محمد عثمان نے کہا کہ کے الیکٹرک کے مسائل نے عوام کو خود کشی پر مجبور کر دیا ہے جبکہ شہریوں کے صبر کا پیمانہ اب لبریز ہوگیا ہے کسی بھی وقت یہ لا وا پھٹ سکتا ہے۔قاری محمد عثمان نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کے زیراہتمام منعقد ہونیوالے صد سالہ عالمی اجتماع نے پاکستان کی سیاست کا رخ تبدیل کردیا۔انہوں نے کہاکہ جمعیت علماء اسلام اور دینی قوتیں کسی صورت میں تحفظ ناموس رسالت کے قانون میں ترمیم نہیں کرنے دیں گی۔اسلام کے مقدس نام پر وجود میں آنیوالے ملک میں کسی بھی غیر اسلامی قانو ن کی قطعاً گنجائش نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ کرپشن، لاقانونیت کے خاتمے کیلئے بے داغ قیادت کا انتخاب ضروری ہے۔ اگر عوام ملک سے ہمیشہ کیلئے کرپشن اور لوٹ مار کی سیاست کا خاتمہ چاہتے ہیں تو 2018کے انتخابات میں جمعیت علماء اسلام کو کا میاب کرکے پھر آزمائیں کہ کتنے عرصے میں کرپشن کا خاتمہ ہوتا ہے۔قوم کو کھوکھلے نعروں میں الجھانے والے لیڈر ملک وملت کے خیرخواہ نہیں۔جمعیت علماء اسلام کا ہر کارکن خدمت خلق کو اپنا مذہبی فریضہ سمجھتا ہے ۔

شیئر: