یمن میں ہیضے سے اب تک 1500 افراد جاں بحق ، عالمی ادارہ صحت
موذی مرض 21 کمشنریوں تک پھیل چکا ، 2لاکھ سے زائد افراد متاثر
عدن : اقوام متحدہ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ یمن میں ہیضے کی وباءسے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 1500 تک پہنچ چکی ہے ۔ سعودی خبر رساں ایجنسی نے بین الاقوامی ادارہ صحت کے حوالے سے جاری رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ 27 اپریل سے 30 جون تک یمن کے مختلف علاقوں میں ہیضہ کی وبا ءسے متاثر ہونے والوں کی تعداد 2لاکھ 36 ہزار ریکارڈ کی گئی جن میں سے اب تک 15 سو افراد جاں بحق ہو چکے ہیں ۔ بین الاقوامی ادارہ صحت نے یمن کے متاثرہ علاقوں کو وبائی قراردیتے ہوئے ہنگامی حالت کا اعلان بھی کیا ہے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یمن کی 21کمشنریوں میں ہیضہ کا مرض پھیل چکا ہے ۔ جن علاقوں میں یہ وبائی مرض پھوٹ پڑا ہے وہاں صفائی کے ناقص انتظامات اور اشیائے خورونوش کی شدید قلت ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو مناسب خوراک نہیں مل رہی۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اندیشہ ہے کہ موذی مرض سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے ۔