واشنگٹن۔۔۔۔ مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے ایک نئی ڈاکومینٹری فلم میں خبردار کیا ہے کہ خطرناک مچھروں سے بنی نوع انساں کو اتنا زبردست خطرہ لاحق ہے جتنا کہ کسی عالمی جنگ سے نہیں۔انہوں نے انتباہ دیا کہ ان مچھروں سے پھیلنے والی بیماریوں کے نتیجے میں 10ملین سے زیادہ افراد ہلاک ہوجائیں گے۔ یہ ڈاکومینٹری اگلے ہفتے بازار میں آئے گی لیکن ایک اخبار کے نمائندے نے اس کی جو فوٹیج دیکھی ہیں اس سے پتہ چلتا ہے کہ بل گیٹس اس خطرے سے پریشان ہیں۔انہوں نے کہا کہ آب و ہوا میں تبدیلی اور عالمی سفر میں آسانی کے نتیجے میں مرض بہت تیزی سے پھیلتا ہے جبکہ ہمارے پاس اس مرض سے نمٹنے کے وسائل کم ہیں۔دنیا کے امیر ترین آدمی کا کہنا تھا کہ ایک مرتبہ یہ مرض پھیل گیا تو بغیر کسی انتباہ کے کروڑوں لوگ ہلاک ہوجائیں گے۔ یہ مرض 2014کے آخر میں پھیلنے والے ایبولا اور 2003میں پھیلنے والی مہلک بیماری سارس جیسا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عالمی حدت کے نتیجے میں مچھروں کی افزائش بڑھی ہے جس کی وجہ سے اس وائرس کے پھوٹ پڑنے کا اندیشہ پیدا ہوگیاہے۔