نئی دہلی۔۔۔۔۔دہلی اسمبلی نے ایک قرارداد منظور کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سرکاری کالجوں میں دہلی کے طلبہ کیلئے 85فیصد نشستیں مخصوص کی جائیں ۔ نائب وزیر اعلیٰ منیش سیسودیا نے کہا کہ حکومت اس سلسلے میں ضروری اقدامات کریگی۔انہوں نے کہا کہ میں نے اس سلسلے میں 2مرتبہ مرکز کو خط لکھا تھا اور درخواست کی گئی تھی کہ دہلی کے طلبہ کو ترجیح دی جائے۔میں نے آخری خط 13دسمبر 2016کو لکھا تھاتاہم کچھ نہیں ہوا۔بی جے پی اور کانگریس کے رہنما بھی برسوں سے یہی مطالبات کررہے تھے ۔ سیسودیا نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہلی قومی دارالحکومت ہے جہاں ملک کے ہر کونے سے لوگ آتے ہیں۔ہمارے مطالبے کا مقصد یہ نہیں کہ ہم کسی علاقائی تفرقے میں پڑے ہوئے ہیں بلکہ دہلی میں ہر سال 12کلاس پاس کرنیوالے طلبہ کی تعداد بڑھ رہی ہے جبکہ کالجوں اور دہلی یونیورسٹی میں نشستوں کی تعداد میں اضافہ نہیں ہوا۔ ہم جلد ہی شہر میں امبیڈکر یونیورسٹی کے 4مزید کیمپس قائم کرینگے۔