لکھنؤ۔۔۔۔سماج وادی پارٹی کے سینیئر رہنما اعظم خان نے بی جےپی پر الزام لگایا ہے کہ وہ فوج کے خلاف مبینہ توہین آمیز ریمارکس پر تنقید کے پیش نظر میری شہرت کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ میں تو بی جے پی کی آئٹم گرل بن چکا ہوں۔ وہ کسی اور کے بارے میں بات نہیں کرتے حتیٰ کہ مجھے نظرمیں رکھ کر انتخاب بھی لڑتے ہیں۔ واضح رہے کہ بدھ کو رامپور میں انہوں نے فوج کے خلاف سخت ریمارکس پاس کئے تھے۔ جب ان سے وضاحت کرنے کیلئے کہا گیا تو اعظم خان نے کہا کہ میڈیا نے میرے بیان کو توڑ مروڑ کر شائع کیا ہے۔ میری وجہ سے فوج کا مورال کیسے گر سکتا ہے۔ ؟ میری تو کوئی حیثیت نہیں ۔ فوج کا مورال تو اس وقت گرتا ہے جب مودی پاکستان جاتے ہیں۔ادھر بی جے پی کے قومی ترجمان سمبدپٹرا نے کہا کہ اعظم خان نے ہندوستان کو کبھی بھی اپنا ملک نہیں سمجھا۔ وہ تنگ ذہنیت کے شخص ہیں۔انہوں نے ہمیشہ پاکستان کے حق میں بات کہی اور اس ملک کے سماجی ڈھانچے کو توڑا ہے۔ آزادی اظہار کے نام پر فوج پر تنقید فیشن بن گئی ہے۔ پٹرا نے کہا کہ اعظم خان سرحد پار سے ہونیوالی دہشتگردی کی حمایت کررہے ہیں۔