ریاض.... لبنان میں اسلامی عرب کونسل کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر سید محمد علی الحسینی نے باور کرایا ہے کہ حقیقی اسلام کو سمجھنے کیلئے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم، صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اور آل بیت میں تفریق نہیں کی جاسکتی۔ اسلامی اتحاد کا خمیر پیغمبر اسلام، آل بیت اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے تیار ہوا ہے۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ کی حمد و ثنا ءاور رحمت اللعالمین محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر درود و سلام کے بعد تقریر کرتے ہوئے کہا کہ ہم ،رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم ، صحابہ کرام رضی اللہ عنہم، رسول اللہ کے دوست،حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے والد اور خلیفہ ابو بکر الصدیق رضی اللہ عنہ نیز رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے خلیفہ اور حضرت حفصہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے والد عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ پر صلوة و سلام بھیجتے ہیں۔ الحسینی نے کہا کہ اس بنیاد پر میں تمام مسلمانوں کو پیغام دینا چاہتاہوں۔ میں دنیا بھر کے مسلمانوں سے کہناچاہتا ہوں کہ اسلام یہیں سے اٹھا ہے۔ اسلام کی تبلیغ، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ، آل بیت اورصحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم نے کی۔ یہ سب ایک دوسرے کے ساتھی تھے ۔ یہ سبب اس دنیا سے چلے گئے۔ ان سب نے مل جل کر اسلام کا پیغام پہنچایا۔ سب نے مل جل کر مشکلات کو برداشت کیا۔ سب نے مل جل کر صبر کیا۔ یہ سب دنیا بھر کے انسانوں کے لئے مثالی نمونہ تھے۔ یہ سب ایک دوسرے کے رشتہ دار تھے۔ یہ سب ایک ساتھ دنیا سے رخصت ہوگئے۔ اللہ تعالیٰ ان سے راضی ہے۔ لہذا ہم ہر مسلمان سے یہی کہیں گے کہ وہ اسلام جسے ہم صحیح سمجھتے ہیں اور جس کو ہم اپنا عقیدہ مانتے ہیں وہ محمد بن عبداللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا اپنے صحابہ ، آل بیت خصوصاً ابو بکر الصدیق ، عمر الفاروق ، عثمان ذالنورین اور علی رضی اللہ تعالیٰ عنہم کے ساتھ والا اسلام ہے۔ الحسینی نے اپنا بیان ختم کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب ایک ساتھ ایک شاہراہ پر چلیں گے ۔ ہم سب اچھے ا سلاف کے اچھے جانشین بنیں گے۔ اسی میں اسلامی اتحاد کی کلید مضمر ہے۔ اسلامی اتحاد نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم، صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اور آل بیت سے ہٹ کر نہ قائم ہوا ہے او رنہ ہی قائم ہوگا۔