نئی دہلی۔۔۔۔۔بھارتیہ جنتا پارٹی نے یوپی کی سابق وزیر گایتری پرجا پتی سے لکھنو جیل میں ہونیوالی ملاقات کی مذمت کی ہے اور کہا کہ یہ بڑی بدقسمتی ہے کہ ملائم سنگھ جیسا سینیئررہنما حکومت کے خلاف ریمارکس پاس کررہا ہے۔گایتری کی حمایت قابل مذمت ہے۔ ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ یہ وہی ملائم سنگھ یادو ہیں جنہوں نے ایک مرتبہ کہا تھا’’لڑکے ہی غلطیاں کرتے ہیں ‘‘بی جے پی کے رہنما سدھنشو ترویدی نے کہا کہ ملائم سنگھ اور سماج وادی پارٹی کی طرف سے مجرموں ، بدعنوان افسروں اور دیگر سماج دشمن عناصر کی حمایت کوئی نئی بات نہیں۔انہوں نے کہا کہ گایتری کا معاملہ عدالت میں ہے۔ عدالت میں فیصلہ ہونے دیجئے کہ وہ مجرم ہے یا نہیں۔ملائم سنگھ کو چاہئے کہ وہ ایسے سماج دشمن عناصرکی حمایت نہ کریں۔واضح رہے کہ ملائم نے گایتری سے ملاقات کے بعد کہا تھا کہ اس کے خلاف جھوٹی مہم شروع کی گئی ہے اور اس کے ساتھ دہشتگردوں جیسا سلوک کیاجارہا ہے۔