ریاض.... سعودی نیوز چینل الاخباریہ نے قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ کی اپنے والد کے خلاف بغاوت کے 22سال مکمل ہونے پر خصوصی رپورٹ ٹویٹر کے اپنے اکاﺅنٹ پر جاری کرکے تلخ یادیں تازہ کردیں۔ شیخ حمد بن خلیفہ نے 27جون 1995ءکو اپنے والد سے اقتدار چھین لیا تھا۔ الاخباریہ کی رپورٹ میں دکھایا گیا ہے کہ شیخ حمد بن خلیفہ دوحہ ایئرپورٹ پر اپنے والد کو خارجی سفر پر روانہ ہوتے وقت الوداع کہہ رہے ہیں۔کیمروں کے سامنے انکا ہاتھ چوم رہے ہیں او رانکے وطن سے نکلنے پر انکے خلاف بغاوت کا اعلان کررہے ہیں۔ الاخباریہ نے اپنی رپورٹ میں یہ بھی دکھایا کہ شیخ حمد نے قطر کے معروف قبائل اور خاندانوں کے سربراہوں کو ملاقات کیلئے ایوان شاہی طلب کیا اور پھر ان سے بحیثیت امیر قطر بیعت کا مطالبہ کردیا۔ قطر کے سرکاری ٹی وی نے یہ سارے مناظر بغیر آواز کے دکھائے۔ کسی کو پتہ نہیں چلا کہ قبائلی سرداروں نے خود کو امیر قطر کے طور پر پیش کرنے پر شیخ حمد بن خلیفہ سے کیا کہا تھا۔ اطلاعات یہ ہیں کہ قطر کے سرکاری ٹی وی پر بیعت کے مذکورہ پروگرام کے بعد قطر کی دیواروں پر نئے امیر قطر کے نام کیساتھ ساتھ ملک او رامیر قطر کے غدار کے القاب تحریر کئے گئے تھے۔ اسی دوران ابوظبی میں شیخ حمد بن خلیفہ کی ماں نے اپنے بیٹے حمد سے لاتعلقی کا اعلان کیا تھا اور انہیں عاق کردیا تھا۔ معزول امیر شیخ خلیفہ آل ثانی نے بغاوت کے ایک سال بعد اقتدار کی بازیابی کی کوشش کی تھی تاہم انہیں کامیابی نہیں ملی تھی۔ اس موقع پرباغی بیٹے شیخ حمد نے اپنے باپ کا ساتھ دینے والے قطریوں کی شہریت سلب کرلی تھی۔