فلوریڈا ....ہیلی کاپٹر پر دوران پرواز فلوریڈا کے ایک ٹی وی رپورٹر نے 11سالہ لاپتہ بچے کو خود اس کے والدین کے گھر کی چھت پر چھپا پایا۔ 11سالہ اینجل گورٹ کے بارے میں اس کے خاندان والوں نے رپورٹ درج کرائی تھی کہ وہ لاپتہ ہے۔ بچے کی اپنی ماں سے تلخ کلامی ہوئی تھی۔ وہ ایک کیمپ میں شرکت نہیں کرنا چاہتاتھا اسلئے گھر سے بھاگ کھڑا ہوا۔ ٹی وی رپورٹر نے ہیلی کاپٹر پر پرواز کے دوران بچے کو اسی کے گھر کی چھت پر دیکھ کر حکام کو خبردار کردیا۔ بچے نے بعد میں اپنی والدہ کو پریشان کرنے پر معافی مانگی اور کہا کہ وہ آئندہ ایسی کوئی حرکت نہیں کریگا۔ واضح رہے کہ پولیس والے اسے تلاش کررہے تھے۔ رپورٹر کا کہناہے کہ ہم بچے کو تلاش کرنا چاہتے تھے تاکہ بڑی خبر اپنے سامعین کو دے سکیں۔چھت سے اترنے کے بعدبچے نے کہا کہ میں نے اپنی والدہ کو پریشان کردیا۔ میں اسے کوئی تکلیف نہیں دینا چاہتاتھا او رنہ ہی میرا مقصد پولیس افسران کا وقت ضائع کرنا تھا۔ ایک سوال پر اس نے کہا کہ میں دیکھنا چاہتاتھا کہ لوگ میرے بارے میں کیا تصور کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ یہ بچہ پہلے بھی گھر سے بھاگ چکا ہے۔ اس نے اعتراف کیا کہ بعض اوقات تو وہ انتہائی احمقانہ حرکتیں کردیتا ہے۔ میرا گھر سے بھاگنا میری ماں کیلئے تکلیف دہ تھا۔ مجھے فخر ہے کہ میری ماں صبر و تحمل والی ہے۔