پاکستانی عوام حرمین شریفین کے دفاع کے لئے قربانی سے دریغ نہیں کریں گے
پاکستانی عوام سعودی عرب کا دلی طور پر احترام کرتے ہیں، اس وقت عالم اسلام کو دہشت گردی کا شدید خطرہ لاحق ہے، دفاع حرمین کے جنرل سیکریٹری
ریاض (ذکاءاللہ محسن )دفاع حرمین شریفین کے جنرل سیکرٹری مولانا فضل الرحمن خلیل کا کہنا ہے کہ پاکستان اور پاکستانی عوام دفاع حرمین شریفین کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اردو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی عوام سعودی عرب کا دلی طور پر احترام کرتے ہیں۔ اس وقت عالم اسلام کو دہشت گردی کا شدید خطرہ لاحق ہے اور اس کے تدارک کے لئے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے جس طرح اسلامی ممالک کو یکجا کرکے اسلامی عسکری فوج کا اتحاد قائم کیا ہے، اس سے نہ صرف دہشت گردی سے احسن انداز میں مقابلہ کیا جاسکتا ہے بلکہ تمام اسلامی ممالک ایک پلیٹ فارم پر جمع بھی رہ سکتے ہیں جس کے دور رس نتائج سامنے آئیں گے۔ایرانی پروپیگنڈے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہونا تو یہ چاہئے کہ دنیا کے تمام ممالک اپنی جغرافیائی حدود کے اندر رہ کر کام کریں مگر ایران جس طرح پاکستان اور خلیجی ممالک میں دخل اندازی کر رہا ہے، وہ انتہائی قابل مذمت ہے۔مولانا فضل الرحمن خلیل نے کشمیر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کو ہوش کے ناخن لینے کی ضرورت ہے کیونکہ گزشتہ 70 سال سے وہ کشمیر کی تحریک آزادی کو جتنا دبانے یا ختم کرنے کی کوشش کرتا ہے ،اس زیادہ اسے ردعمل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔پاکستان میں کشمیر کمیٹی اور کشمیر اسٹیڈنگ کمیٹی بے اختیار ہونے کی وجہ سے بہتر انداز میں کام نہیں کر رہیں۔ ان کو اختیارات دے کر ان سے موثر کارکردگی حاصل کی جاسکتی ہے ۔آخر میں انہوں نے ولی عہد کے منصب پر فائز ہونے پر شہزادہ محمد بن سلمان کو مبارکباد پیش کی۔