سی پیک منصوبے سے انڈسٹریز کے ساتھ دوسرے کئی اہم پروجیکٹس میں اضافہ
طائف (ابو علی بڈانی) پی ٹی آئی کے اہم رہنما اور اسپیکر خیبر پختونخوا اسد قیصر نے کہا ہے کہ بیرون ملک پاکستانی مایوس نہ ہوں کیونکہ سی پیک منصوبہ پاکستان کی ترقی کا ضامن ہے۔ 3سال بعد ہمارے پاکستانی بھائیوں کو بیرون ملک روزگار کیلئے آنے کی ضرورت نہیں رہیگی۔ سی پیک منصوبے سے انڈسٹریز کے ساتھ دوسرے کئی اہم پروجیکٹس میں اضافہ ہوجائیگا جس سے پاکستان میں روزگار کے مواقع مزید بڑھ جائیں گے۔ یہاں پی ٹی آئی ویسٹرن ریجن کے اعلیٰ عہدیدار عبدالرحمان کی رہائش پر دیئے گئے عشائیہ کے دوران اردونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی پی پی کی مزید 2وکٹیں بھی گریں گی اور آنے والے دنوں میں مسلم لیگ (ن) کی وکٹیں بھی گرنے والی ہیں جو پی ٹی آئی میں شامل ہونے کیلئے پرتول رہی ہیں۔ اس تقریب میں ریاض احمد بڈانی اورپی ٹی آئی ویسٹرن ریجن کے رہنما زاہد محمود اعوان، فرخ رشید، عجب خان، قیصر جاوید، چوہدری ناصر، چوہدری ظہیر، عمران خان ، عمیر عابد،امین فیض وغیرہ شامل تھے۔