وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گرد و نواح میں تیز طوفانی ہواؤں اور ژالہ باری کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان کے زیر انتظام کشمیر، صوبہ خیبرپختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان اور اسلام آباد سمیت پنجاب کے کچھ علاقوں میں آئندہ 24 سے 36 گھنٹوں کے دوران ژالہ باری اور موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ بارش کے باعث کمزور انفراسٹرکچر یعنی بجلی کے کھمبے، درخت، سولر پینل وغیرہ کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ جبکہ گاڑیوں کے حوالے سے بھی احتیاط برتنے کا کہا ہے۔
مزید پڑھیں
-
اسلام آباد میں شدید ژالہ باری اور طوفان، گاڑیوں کے شیشے ٹُوٹ گئےNode ID: 888442
ڈسٹرکٹ کمیشنر اسلام آباد نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو فیلڈ میں رہنے اور نشیبی ایریاز کی مانیٹرنگ کی ہدایت کی ہے۔
انتظامیہ کی ہدایات کے مطابق زیر تعمیر عمارت اور نالوں کی صورتحال پر بھی نظر رکھی جائے گی۔
ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر ٹریفک کے بہاؤ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
ضلع سوات میں تیز بارش کے باعث منگورہ نالے میں طغیانی آ گئی ہے جس کے باعث ایک گاڑی بھی نالے میں پھنس گئی تاہم سواریوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
ریسکیو اہلکاروں نے پانی کے تیز بہاؤ میں پھنس جانے والی گاڑی کو کامیابی سے ریسکیو کر لیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ سوات نے شدید بارشوں یا پانی کے تیز بہاؤ کے دوران شہریوں کو ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کرنے کا کہا ہے۔
جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں ریسکیو 1122 یا متعلقہ حکام سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ روز اتوار کو بھی کشمیر، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
جبکہ صوبہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں آج اور کل اتوار کو موسم شدید گرم اور خشک رہے گا تاہم دوپہر کے بعد ساحلی علاقوں میں تیز گرد آلود ہوائیں چلنے کی پیش گوئی ہے۔