دبئی میں عرب ملک سے تعلق رکھنے والے شخص کو واٹس ایپ پر ایشیائی کو برا بھلا کہنا مہنگا پڑ گیا۔ ایشیائی نے پیغام دیکھ کرطیش میں عرب شہری کو مکا مارا جو اس کی آنکھ پر لگا۔
متاثرہ شخص نے مقدمہ دائر کیا جس پر عدالت نے دونوں کو مورد الزام قرار دیتے ہوئے مختلف سزاوں کا حکم صادر کردیا۔
مزید پڑھیں
امارات الیوم کے مطابق واٹس ایپ پرغیراخلاقی پیغام ارسال کرنے والے کو ایک ہزار درھم جرمانہ جبکہ ایشیائی کو 6 ماہ قید اورملک بدری کا حکم سنا دیا۔
متاثرہ عرب شہری نے ابتدائی عدالت کے فیصلے کے بعد فوجداری عدالت سے رجوع کیا جس میں اس کا کہنا تھا کہ حملہ آور نے اس کی آنکھ پر مکا مارا جس سے اس کی بینائی 35 فیصد تک متاثر ہوئی ہے۔
اپنے دعوی کو ثابت کرنے کےلیے میڈیکل رپورٹس پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ جو جسمانی اور ذہنی اذیت پہنچی ہے اس کے لیے ہرجانے کے طورپر ڈیرھ لاکھ درھم اور ادائیگی کی تاریخ تک 12 فیصد منافع بھی دلوایا جائے۔
عدالت نے شواہد، میڈیکل رپورٹس، فوجداری فیصلے اور دیگر دستاویزات کی بنیاد پرعرب شہری کے حق میں فیصلہ صادر کرتے ہوئے ایشیائی پر ایک لاکھ درہم معاوضے کے ساتھ 5 فیصد سالانہ قانونی منافع ادا کرنے کا بھی حکم سنایا۔
عدالت نے فیصلے میں کہا حملے کے نتیجے میں متاثرہ شخص کو نہ صرف جسمانی بلکہ ذہنی اذیت اور مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا جو اسے ہرجانے کا مستحق بناتا ہے۔