Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025

’ہمیشہ کے لیے بھائی‘، پاکستانی فوج کا انڈیا سے جنگ بندی میں سعودی عرب کے کردار کا اعتراف

افواج پاکستان کے ترجمان لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے انڈیا اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کو ممکن بنانے میں سعودی عرب کے کردار کو تسلیم کیا ہے۔
لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری عرب نیوز کے ساتھ ایک انٹرویو میں اس بات کا ذکر کیا۔
انڈیا کی جانب سے سات مئی کو جموں کشمیر کو تقسیم کرنے والی لائن آف کنٹرول کے قریبی علاقوں اور پاکستان کے بعض شہروں میں میزائل حملوں کے بعد دونوں ممالک میں کشیدگی عروج پر پہنچ گئی تھی۔
انڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے صرف عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔
اس کے جواب میں پاکستان نے انڈین فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا اور پھر 10 مئی کو سعودی عرب سمیت دیگر دوست ممالک اور عالمی طاقتوں کی کوششوں کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا تھا۔
لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے عرب نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مملکت کا ثالثی کے لیے کردار ’انتہائی مثبت اور شاندار‘ تھا۔
پاکستان اور انڈیا کے درمیان 22 اپریل کو پہلگام میں 26 افراد کی عسکریت پسندوں کے ہاتھوں ہلاکت سے پیدا ہونے والی کشیدگی کے بعد سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے دفاعی امور عادل الجبیر نے اسلام آباد اور دہلی دونوں کا دورہ کیا تھا۔
اس کے مختصر وقت بعد دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی معاہدہ طے پا گیا تھا۔
سعودی عرب اور پاکستان کے بہت قریبی سفارتی اور سٹریٹیجک روابط ہیں۔ حالیہ برسوں میں طویل معاشی چیلنجز کے دوران مملکت نے پاکستان کی کافی زیادہ امداد کی ہے۔
لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے عوام کے درمیان رشتہ بہت مضبوط ہے اور ہم یعنی افواج پاکستان کا بھی مملکت کے ساتھ بہت قریبی تعلق ہے۔ اور یہ تعلق احترام کی بنیاد پر قائم ہے۔‘
’سعودی ہمارے بھائی ہیں، ہمیشہ کے لیے بھائی۔‘

 

شیئر: