Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025

لائیو: خیبر پختونخوا میں مختلف آپریشنز میں 9 شدت پسند ہلاک، دو اہلکار جان کی بازی ہار گئے

اہم نکات

  • ایشیا کپ سے دستبرداری کی خبریں درست نہیں: بی سی سی آئی
  • آپریشن میں شاہین میزائل کے استعمال کا الزام بے بنیاد: دفتر خارجہ 
  • پاکستانی وزیرخارجہ اسحاق ڈار تین روزہ دورے پر چین میں
  • وزیراعظم کا دورہ کراچی، بحریہ کے جوانوں سے ملاقات متوقع

پاکستانی فوج نے صوبہ خیبر پختنوخوا میں مختلف آپریشنز میں نو شدت پسندوں کو ہلاک کیا ہے جبکہ دو اہلکار بھی جان کی بازی ہار گئے۔
افواج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے پیر کی شب کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق ’17 اور 18 مئی کی درمیانی رات کو انڈین پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے نو خواجیوں کو صوبہ خیبر پختونخوا میں مخلتف آپریشنز کے دوران ہلاک کیا گیا۔‘
’سکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات کی بنا پر ضلع لکی مروت میں ایک آپریشن کیا۔ دوران آپریشن اہلکاروں نے کامیابی کے ساتھ انڈین سپانسرڈ پانچ خوارج کو ہلاک کیا۔‘
بیان کے مطابق ’دوسرا آپریشن خفیہ معلومات کی بنا پر ضلع بنوں میں کیا گیا جہاں سکیورٹی فورسز نے انڈین سپانسرڈ دو خوارج کو ہلاک کیا۔‘
آئی ایس پی آر نے بیان میں بتایا کہ ’ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں خوارج نے سکیورٹی فورسز کے ایک کانوائے پر حملہ کیا۔ اہلکاروں نے اس حملے کا موثر جواب دیا اور انڈین سپانسرڈ دو خوارج کو ہلاک کر دیا۔ تاہم شہید فائرنگ کے تبادلے میں دو سپاہی بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے۔‘

آپریشن میں شاہین میزائل کے استعمال کا انڈیا کا الزام بے بنیاد ہے: پاکستان دفتر خارجہ

پاکستان کے دفتر خارجہ نے انڈین میڈیا کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ پاکستان نے ’آپریشن بنیان مرصوص‘ کے دوران انڈیا کے خلاف شاہین میزائل کا استعمال کیا ہے۔
دفتر خارجہ نے پیر کو اپنے بیان میں کہا کہ ’ایسے دعوے انڈین فوج کے ایکس پر آفیشل اکاؤنٹ کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو کے بعد سامنے آنا شروع ہوئے ہیں۔ اس ویڈیو میں شاہین مزائل دکھایا گیا ہے۔‘
بیان کے مطابق ’جب انڈین فوج کو اندازہ ہوا کہ یہ دعوے کمزور ہیں تو انہوں نے آفیشل اکاؤنٹ سے وہ ویڈیو ہی ہٹا دی تھی۔‘
’افسوس ناک بات یہ ہے کہ اس کے بعد بھی بعض انڈین چینلز شاہین میزائل کے استعمال کے دعوے کر رہے ہیں۔‘
دفتر خارجہ نے کہا کہ ’اس بارے میں انڈین فوج کا ایکس اکاؤنٹ ابھی تک خاموش ہے۔ اس طرح کی گمراہ کن میڈیا مہم چلانے کا واضح مطلب ہے کہ انڈیا آپریشن سندور کے دوران اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے۔‘

کسی کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا ارادہ نہیں: چیئرمین پی ٹی آئی

پاکستان ‏تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا کسی کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا ارادہ نہیں ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ’مجھے بانی چیئرمین نے تحریک عدم اعتماد لانے کے حوالے سے کوئی ہدایات نہیں دی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ اس بارے میں میڈیا پر چلنے والی تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔‘
اس سے قبل پیر ہی کو پی ٹی آئی کے رہنما اسد قیصر نے جیو نیوز کو بتایا تھا کہ ’  ’ہم سپیکر یا وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد لا رہے ہیں لیکن ابھی انڈیا سے کشیدگی کا جائزہ لے رہے ہیں۔‘

آئندہ چند دن تک پاکستان کے میدانی علاقوں میں شدید گرمی متوقع : محکمہ موسمیات

پاکستان کے محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ اگلے چند دن تک (20 سے 24 مئی کے دوران) ملک کے بیش تر میدانی علاقے شدید گرمی کی لہر کے زیراثر رہیں گے۔
محکمہ موسمیات نے پیر کو اپنے بیان میں کہا کہ ’شدید گرمی کے باعث وسطی / جنوبی پنجاب،جنوبی خیبر پختونخوا، سندھ اور بلوچستان میں دن کا درجہ حرارت معمول سے 04 سے 06 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔‘
’منگل کو بھی ملک کے بیش تر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں دن کے اوقات میں شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔‘
محکمہ موسمیات نے شہریوں بالخصوص بچوں، خواتین اور بزرگوں کو ہیٹ ویو کے پیش نظر احتیاط کرنے اور دھوپ میں کم سے کم نکلنے کا مشورہ دیا ہے۔

انڈین کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ سے دستبرداری کی خبروں کو مسترد کر دیا

بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ اِن انڈیا (بی سی سی آئی) نے ان خبروں کی تردید کر دی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ انڈیا ایشین کرکٹ کونسل کے تمام ایونٹس سے دستبردار ہو گیا ہے۔
کرکٹ کی خبروں کی ویب سائٹ ‘کرک بز‘ کے مطابق بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیواجیت سائیکیا نے کہا ہے کہ ’تاحال ایشین ایونٹ کے بارے میں بی سی سی آئی نے کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’صبح سے بعض ایسی خبریں نوٹس میں آئی ہیں جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ بی سی سی آئی ایشین کرکٹ کونسل کے ایونٹس سے خود کو الگ کر رہا ہے۔ ابھی تک بی سی سی آئی نے اس معاملے پر بات چیت کی نہ ہی کوئی فیصلہ کیا ہے۔‘
’اس وقت ہماری بنیادی توجہ آئی پی ایل اور اس کے بعد مینز اور ویمنز کی انگلینڈ کی سیریز پر مرکوز ہے۔‘

پاکستان کے وزیرخارجہ اسحاق ڈار تین روزہ دورے پر چین پہنچ گئے

پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار تین روزہ دورے پر چین کے دارالحکومت بیجنگ پہنچ گئے ہیں۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار 19 سے 21 مئی تک چین میں موجود رہیں گے اور حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
بیان کے مطابق پیر کو چین پہنچنے پر اسحاق ڈار کا استقبال چینی حکام اور پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی نے کیا۔

پاکستان سے کشیدگی، انڈیا کا ایشین کرکٹ کونسل کے ایونٹس میں شریک نہ ہونے کا فیصلہ

پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشیدہ تعلقات کے تناظر میں بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے بینر تلے ہونے والے تمام ایونٹس سے الگ رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انڈین ایکسپریس کی پیر کو شائع کردہ رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی نے
اے سی سی کو آئندہ ماہ سری لنکا میں ہونے والے ویمنز ایمرجنگ ایشیا کپ اور ستمبر میں شیڈول بائنیل مینز ایشیا کپ میں شرکت نہ کرنے کے اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ اے سی سی کے موجودہ سربراہ محسن نقوی ہیں جو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار چین کے دورے پر روانہ ہو گئے

پاکستان کے ڈپٹی وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار آج سے چین کا دورے پر روانہ ہو گئے ہیں۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ عوامی جمہوریہ چین کے وزیر خارجہ وانگ یی کی دعوت پر محمد اسحاق ڈار 19 سے 21 مئی 2025 تک بیجنگ کا سرکاری دورہ کریں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دورے کے دوران اسحاق ڈار چین کے وزیر خارجہ وانگ یی کے ساتھ جنوبی ایشیا میں بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال اور اس کے امن و استحکام پر اثرات کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کریں گے۔
 ’دونوں وزرائے خارجہ پاکستان اور چین کے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔‘

وزیراعظم شہباز شریف مختصر دورے پر کراچی پہنچ گئے

وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے ہیں۔
کراچی پہنچنے پر وفاقی وزیرتعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ 
وزیراعظم آفس کے بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف پاکستان نیوی کے ڈاکیارڈ جائیں گے اور پاکستان نیوی کے افسران اور جوانوں سے ملاقات کریں گے۔
بیان کے میں بتایا گیا کہ ’وزیراعظم  معرکۂ حق کے دوران پاکستان کی بحری حدود اور سمندری پانیوں کی حفاظت کرنے والی پاکستانی بحریہ  کے افسران و جوانوں سے خطاب اور ان کو خراج تحسین پیش کریں گے۔‘
وفاقی وزیردفاع خواجہ آصف ، وفاقی وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال اور وفاقی وزیراطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ  بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

ضلع کرم کو اسلحے سے مکمل طور پر پاک کر دیا گیا: ترجمان خیبر پختونخوا حکومت

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کی حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی مدبرانہ کوششوں سے ضلع کرم میں امن قائم ہو چکا ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ ’علاقے کو بنکروں اور اسلحے سے پاک کر دیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر دونوں فریقین کے تقریباً 979 بنکر تباہ کیے گئے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ 86 دیہاتوں کو غیرمسلح کر کے اسلحہ اور گولہ بارود سرکاری تحویل میں لے لیا گیا ہے۔‘
’علاقے میں اب ترقیاتی عمل تیزی سے جاری ہے۔ ٹل پاراچنار روڈ کی مرمت کے لیے 10 کروڑ روپے کی منظوری دی جا چکی ہے۔‘

سپیکر یا وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا منصوبہ بنایا تھا: اسد قیصر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ہم سپیکر یا وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد لا رہے ہیں لیکن ابھی انڈیا سےکشیدگی کا جائزہ لے رہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اس سے قبل تحریک عدم اعتماد پر مشاورت ہوئی۔ ہم نے ایک جامع پلان کے تحت آل پارٹیز کانفرنس سمیت اسمبلی کے باہر اپنی اسمبلی لگانا تھی۔‘
عدم اعتماد کے معاملے پر بھی ہماری سنجیدہ گفتگو ہوئی۔ پہلے ایونٹ میں جب ہم لاہور جا رہے تھے تو انڈیا نے اسی دوران حملہ کر دیا ۔اس کشیدہ صورت حال میں اگر تحریک عدم اعتماد لاتے تو ہماری حب الوطنی پر شکوک و شبہات ہوتے اور پاکستان دشمنی کی بات آ جاتی۔‘
پاکستان تحریک انصاف چونکہ سب سے بڑی جماعت ہے، نہیں چاہتے کہ ذاتی مقاصد کو ایسے موقع پر ہائی لائٹ کریں۔‘

شیئر: