کلاوڈ سیڈنگ پروگرام، طائف سے بادلوں کی مکہ منتقلی ممکن ہے؟
مصنوعی بارش کے تجربات میں بڑی حد تک کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کلاوڈ سیڈنگ پروگرام کے آپریشنل ڈائریکٹر ایمن البار نے کہا ہے کہ’ گزشتہ دو برسوں میں مصنوعی بارش کے تجربات میں بڑی حد تک کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔‘
اخبار 24 سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئےان کا کہنا تھا ’ نئی تحقیق پر ہونے والی ریسرچ میں یہ بات اب ممکن ہے کہ فزکس کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے طائف کے آسمان پر موجود بادلوں کو مکہ مکرمہ کی جانب لایا جاسکے۔‘
ایمن البار نے واضح کیا کہ ’کلاوڈ سیڈنگ کے حوالے سے بادلوں کی نقل وحرکت کو مرضی کے مطابق کرنے کےلیے انتہائی جدید ریسرچ نے ممکن بنایا۔‘
طائف میں بادلوں کے تکوینی عناصر جمع کرکے انہیں مشاعر مقدسہ تک لانے کے بعد وہاں برسانے کے تجربات کافی حد تک کامیاب ہوئے ہیں۔ کلاوڈ سیڈنگ کے ذریعے بارش کے امکانات میں بھی اضافہ کا جاسکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا ’ مصنوعی بارش کے حوالے سے سٹڈی گروپ نے کلاوڈ سیڈنگ انٹرنیشنل کانفرنس میں بھی شرکت کی تھی۔‘
’ماہرین نے مصنوعی بارش کے حوالے سے مختلف تجربات پیش کیے جن سے ماحول میں بہتر تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔‘
