دبئی : گولڈن اقامہ حاصل کرنے والی نرسوں کا اظہار تشکر
گولڈن اقامہ حاصل کرنے والی نرسوں کا کہنا ہے ’ ہمارے لیے اعزاز ہے‘(فوٹو، ایکس)
متحدہ عرب امارت کے ادارہ امور صحت سے منسلک متعدد نرسوں کو انکی مثالی خدمات پر حکومت کی جانب سے گولڈن اقامہ جاری کرنے کے احکامات صادر ہونے پر نرسوں نے انہیں اپنے لیے اعزاز قرار دیا ہے۔
امارات الیوم اخبار کے مطابق ولی عہد دبئی نائب وزیر اعظم شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم کی جانب سے دبئی صحت میں مثالی خدمات انجام دینے پر نرسوں کو ’گولڈن اقامہ‘ جاری کرنے کے احکامات صادر کیے گئے۔
لطیفہ ہسپتال میں گزشتہ 24 برس سے نرس کے طورپر خدمات انجام دینے والی فاطمہ محمد الحسن کا کہنا تھا کہ ’شیخ حمدان بن راشد آل مکتوم کی شکر گزار ہوں کہ انہوں نے گولڈن اقامہ جاری کرنے کے احکامات صادر کیے۔
دبئی ہسپتال میں خدمات انجام دینے والی نرس ھلا الصایغ کا کہنا تھا کہ ’جب یہ خبر ملی کہ مجھے بھی گولڈن اقامہ جاری کیا جارہا ہے تو میرے لیے بے انتہا خوشی کا باعث بنی جس نے ہماری قدر و منزلت میں اضافہ کردیا‘۔
گزشتہ 22 برس سے دبئی جنرل ہسپتال کی نرس جیوتی براسا نراج کا کہنا تھا ’ گولڈن اقامہ حقیقی معنوں میں ہماری طویل خدمات کا صلہ ہے‘۔
سجاتا کوناٹ نے اس خبرپر اپنے درے عمل میں کہا ’گولڈن اقامہ ہمارے لیے ہی نہیں بلکہ اس پیشے سے مخلص ہونے والوں کےلیے بھی ایک اعزاز ہے‘۔
واضح رہے امارات میں غیرملکیوں کے لیے گولڈن اقامہ کی سہولت موجود ہے جس کی مختلف کیٹگریز ہیں جن میں سرمایہ کار، تاجر، صنعت کاراورمختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والے اہلکار بھی شامل ہیں۔
گولڈن اقامہ پانچ اور دس برس کےلیے جاری کیا جاتا ہے تاہم اس کی مدت میں بعدازاں توسیع بھی کرائی جاسکتی ہے۔ گولڈن اقامہ ہولڈر کے لیے یہ سہولت ہے کہ وہ 6 ماہ سے زیادہ عرصہ تک بھی امارات سے باہر رہ سکتے ہںی۔
گولڈن اقامہ ہولڈر کو اپنی فیملی کے لیے اقامہ جاری کرانے کا اختیار ہوتا ہے علاوہ ازیں ذاتی ملازمین (گھریلو) کے لیے بھی ویزے جاری کرائے جاسکتے ہیں۔