کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی طرف سے پاکستان کے 33 اضلاع میں 30 ہزار فوڈ پیکیجز تقسیم
سعودی عرب کے کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی طرف سے پاکستان کے 33 اضلاع میں 30 ہزار فوڈ پیکیجز تقسیم کیے گئے ہیں۔
جمعرات کو اسلام آباد میں جاری کیے گئے بیان کے مطابق ’کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے قومی اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے تعاون سے فوڈ سیکیورٹی سپورٹ پروجیکٹ کے دوسرے مرحلے میں 33 اضلاع میں 30 ہزار فوڈ پیکیجز کی تقسیم کامیابی سے مکمل کر لی ہے، جس سے 2 لاکھ سے زائد افراد مستفید ہوئے۔‘
بیان کے مطابق ’یہ اقدام ملک کے مختلف علاقوں میں غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والے ہزاروں مستحق خاندانوں کی مدد کے لیے کیا گیا ہے۔‘
جن اضلاع میں امداد تقسیم کی گئی اُن میں گلگت بلتستان کے پانچ اضلاع (دیامر، استور، غذر، ہنزہ، اور شگر)، جموں و کشمیر کے پانچ اضلاع (وادی نیلم، مظفرآباد، وادی جہلم، باغ، اور سدھنوتی)، پنجاب کے سات اضلاع (لاہور، ڈی جی خان، مظفرگڑھ، بہاولپور، اوکاڑہ، لیہ، اور بہاولنگر)، سندھ کے پانچ اضلاع (سکھر، خیرپور، عمرکوٹ، جامشورو، اور مٹیاری)، اور بلوچستان کے گیارہ اضلاع (قلعہ سیف اللہ، ژوب، کچھی، لسبیلہ، قلات، ڈیرہ بگٹی، کوئٹہ، قلعہ عبداللہ، سبی، لورالائی، اور پشین) شامل ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہر فوڈ پیکیج کا وزن 95 کلوگرام ہے جس میں 80 کلوگرام آٹا، 5 لیٹر خوردنی تیل، 5 کلوگرام چینی اور 5 کلوگرام چنے کی دال شامل ہے۔ تقسیم کا عمل شفافیت کے ساتھ کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی نگرانی میں، ضلعی انتظامیہ، پیس اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن اور حیات فاؤنڈیشن کے تعاون سے مکمل کیا گیا۔‘
کے ایس ریلیف سینٹر نے کہا کہ ’یہ اقدام پاکستان میں غذائی عدم تحفظ کے خاتمے اور مستحق خاندانوں کی فلاح و بہبود کے فروغ کے لیے کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی مستقل وابستگی کا مظہر ہے۔‘