واشنگٹن۔۔۔۔۔وزیر اعظم نریندر مودی کا اتوار کو ہندوستانی کمیونٹی نے اس ہوٹل کے باہر شاندار استقبال کیا جہاں وہ ٹھہرے ہوئے ہیں۔ وہ اتوار کو پرتگال سے یہاں پہنچے تھے۔ وزیر اعظم 3ملکوں کے دورے پر ہیں۔ہندوستانی کمیونٹی ان کے ہوٹل کے باہر بہت دیر سے استقبال کیلئے کھڑے ہوئے تھے۔ وزیر اعظم کے کاروں کا قافلہ ہوٹل پہنچا تو وزیر اعظم خود گاڑی سے نکل کر آئے ، استقبال کرنیوالے گروپ کے پاس گئے اور انہوں نے ہاتھ ہلایا۔اس موقع پر ہندوستانی کمیونٹی کے ارکان ’’مودی مودی‘‘کے نعرے لگا رہے تھے۔ وزیر اعظم امریکہ کے دورے میں صدر ٹرمپ اور امریکہ کی20ممتاز کمپنیوں کے سربراہوں سے ملاقات کرینگے۔ وہ ہندوستانی کمیونٹی کے 600ارکان کے اجتماع سے بھی خطاب کرینگے۔