Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025

معدومی کے خطرے سے دوچار یوریشیائی سیاہ گدھ سعودی عرب میں دیکھا گیا

اس گدھ کے پروں کا مجموعی پھیلاؤ تین اعشاریہ ایک میٹر ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب  کے حدود الشمالیہ ریجن کے قریب ایک گاؤں کے آسمان پر معدومی کے خطرے سے دوچار یوریشیائی سیاہ گدھ کو دیکھا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اس گدھ نے دو ہزار کلو میٹر دور آرمینیا سے سعودی عرب کی جانب پرواز کی۔ اس پرندے کا یوں دیکھا جانا سعودی عرب میں آنے والے پرندوں کے لیے محفوظ پناہ گاہیں ہونے کی اہمیت پر زور دیتا ہے۔
اس گدھ کے پروں کا مجموعی پھیلاؤ تین اعشاریہ ایک میٹر ہے اور اس کا وزن 14 کلوگرام ہے۔
 سیاہ رنگ کا گدھ دنیا کے پرانے اور بڑے شکاری پرندوں میں سے ایک ہے تاہم انسانی سرگرمیوں اور اس پرندے کے قدرتی ٹھکانوں کے ختم ہونے کی وجہ سے اس کی آبادی گزشتہ دو صدیوں میں بہت تیزی سے کم ہوئی ہے۔
امان انوائرمنٹل ایسوسی ایشن‘ کے چیئرمین ناصر المجلاد کہتے ہیں’ اس خطے کا محلِ وقوع ایشیا، افریقہ اور یورپ میں پُل کا کردار ادا کرتا ہے۔ اس کے علاوہ متنوع قطعۂ زمین اور لہلہاتا سبزہ ہر برس پرندوں کی 300 سے زیادہ انواع کو یہاں کھینچ لاتا ہے۔
ناصر المجلاد نے کہا کہ’ اس علاقے میں نقل مکانی کرنے والے پرندوں کا مستقل بنیادوں پر گزر یہاں کے ماحولی نظام کے استحکام کو ظاہر کرتا ہے۔‘
پرندوں کے یہاں سے گزرنے کے باعث، علاقے کے وسیع ثقافتی منظر نامے کی قدر بڑھ جاتی ہے۔ یہاں رہنے اور ریسرچ کرنے والوں کو پرندوں، جانوروں اور پودوں کی بڑی تعداد کے مابین  اختلاط سے جنم والے متوازن ماحول کے مطالعے کا بے مثال موقع ملتا ہے۔

خطے کا محلِ وقوع پرندوں کی 300 سے زیادہ انواع کو یہاں کھینچ لاتا ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)

سعودی عرب کی ’ترکی بن عبداللہ رائل ریزرو ڈیولپمنٹ اتھارٹی‘ اور حدود الشمالیہ ریجن میں ’امان انوائرمنٹل ایسوسی ایشن‘ نے 10 اور 11 مئی کو پرندوں کی نقل مکانی کا عالمی دن منایا جس میں پرندوں کے لیے ’دوستانہ شہر اور کمیونٹوں کے قیام‘ کے عنوان سے ہجرت کرنے والے پرندوں کے تحفظ پر زور دیا گیا۔
ایس ایونٹ میں ریزرو کی ماحولیاتی اور بالخصوص شمالی سرحدوں سے متصل علاقوں کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
پرندوں کی نقل مکانی کے ہر سال منائے جانے والے  عالمی دن میں سعودی عرب کی شرکت دنیا بھر میں پرندوں کے تحفظ کے مقاصد سے ہم آہنگ ہے۔ اس برس کے موضوع میں زور دیا گیا کہ پرند دوست ماحول، شہری ترقی کے ساتھ مربوط ہو کر کیسے ان کے ٹھکانوں میں کمی کے چیلنج میں کمی لا سکتا ہے۔

حدود الشمالیہ ریجن نقل مکانی کرنے والے پرندوں کے لیے اہم راہ داری ہے (فوٹو: ایس پی اے)

حدود الشمالیہ ریجن نقل مکانی کرنے والے پرندوں کے لیے انتہائی اہم راہ داری ہے کیونکہ اس کا سٹریٹیجک محلِ وقوع یورپ، ایشیا اور افریقہ کے درمیان فاصلوں کو کم کرنے کا کام کرتا ہے۔
ماحولی نظام میں نقل مکانی کرنے والے پرندے اہم کردار ادا کرتے ہیں کیونکہ وہ بیجوں کو ادھر ادھر بکھیر دیتے ہیں، کیڑے مکوڑوں کو کنٹرول کرتے ہیں جس سے پودوں اور جانوروں کی کثیر تعداد کے درمیان ماحولیاتی توازن برقرار رہتا ہے۔
اس وجہ سے پرندوں کو، زندگی کے ماحولیاتی دور کو پائیدار بنانے میں اہم عنصر کی حثیت حاصل ہو جاتی ہے۔

 

شیئر: