جنگ بندی کی کوششوں کے لیے محمد بن سلمان اور امریکہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں: وزیراعظم
جنگ بندی کی کوششوں کے لیے محمد بن سلمان اور امریکہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں: وزیراعظم
ہفتہ 10 مئی 2025 21:47
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے شاہینوں نے چند ہی گھنٹوں میں انڈین فوج کی توپوں کو ایسا خاموش کیا جسے تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔ (فوٹو: سکرین گریب)
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جنگ بندی کی کوششوں کے لیے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
سنیچر کی رات کو قوم سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ ’ہم نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر عالمی اور علاقائی امن اور خطے میں بسنے والے کروڑوں افراد کے مفاد میں جنگ بندی کی تجویز کا مثبت جواب دیا ہے۔ ہمیں کامل یقین ہے کہ آبی وسائل کی تقسیم اور جموں و کشمیر کے تنازع سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل انصاف کے تقاضوں کے مطابق حل کرنے کے لیے پُرامن مذاکرات کا راستہ اپنایا جائے گا۔‘
’میں اس موقع پر صدر ٹرمپ کا خصوصی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے جنگ بندی کے لیے مخلصانہ کردار ادا کیا۔ یہاں پر میں اپنے انتہائی مخلص اور برادر ممالک سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکیہ اور قطر کے علاوہ برطانوی قیادت اور سیکریٹری اقوام متحدہ سمیت دیگر دوست ممالک کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے جنگ بندی کی کوشش میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ ’میرے بہت عزیز بھائی محترم (سعودی) ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، انتہائی عزیز بھائی محمد بن زاید اور میرے انتہائی عزیز بھائی امیر قطر شیخ تمیم اور میرے پیارے بھائی ترکیہ کے صدر طیب اردوغان نے اس موقع پر اوپر ہماری بھرپور حوصلہ افزائی کی اور بھائیوں کے طور پر پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا جن کے لیے میں ان کا دل کی گہرائیوں سے شکرگزار ہوں۔‘
’عوامی جمہوریہ چین کا خصوصی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ چینی حکومت اور چینی عوام نے پاکستان کا 78 برس میں ہمیشہ بھرپور ساتھ دیا، پاکستان دوستی کے تاریخی حقائق ہمیشہ یاد رکھے گا۔‘
انہوں نے قوم سے خطاب میں کہا کہ میرے انتہائی محب وطن، غیور اور باوقار پاکستانیوں ’میں آج آپ کو دل کی گہرائیوں سے سلام اور مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ آپ نے دنیا پر یہ واضح کر دیا ہے کہ پاکستانی ایک خوددار اور غیرمند قوم ہے۔ ہماری عزت، ہمارا وقار اور خودداری ہمیں جان سے بھی زیادہ عزیز ہے، کوئی ہماری خودمختاری کو چیلنج کرے تو ہم اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے سیسہ پلائی دیوار بن جاتے ہیں اور دشمن پر غالب آتے ہیں۔ حالیہ دنوں میں دشمن نے جو کچھ کیا وہ بزدلانہ اور شرمناک فعل تھا، یہ صریحاً کھلی جارحیت تھی جس کا ہماری دلیر اور بہادر افواج نے پیشہ ورانہ انداز میں موثر اور بھرپور جواب دے کر عسکری تاریخ کا ایک سنہرا باب رقم کیا۔‘
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ انڈیا نے ڈرون حملوں اور میزائلوں سے معصوم جانوں، مساجد اور شہری آبادی کو نشانہ بنا کر ہمارے صبر کا امتحان لیا۔ (فوٹو: روئٹرز)
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میرے بزرگوں اور بھائیوں پہلگام واقعے کو بہانہ بنا کر انڈیا نے ہم پر بلاجواز جنگ مسلط کی۔ ہم نے بلاتاخیر شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کی پیش کش کی، انڈیا کے بے بنیاد الزامات پر انتہائی تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کیا لیکن اس نے اپنے گھمنڈ میں ہماری سرحدوں کو پامال کرنے کی ناکام کوشش کی، ڈرون حملوں اور میزائلوں سے معصوم جانوں، مساجد اور شہری آبادی کو نشانہ بنا کر ہمارے صبر کا امتحان لیا، فوجی تنصیبات اور آبی ذخیروں کو بھی نشانہ بنانے کی ایک ناکام کوشش کی۔ جس پر ہم نے فیصلہ کیا کہ دشمن کو اسی زبان میں جواب دیا جائے جسے وہ بہت اچھی طرح سمجھتا ہے۔ اور ہم نے واضح کر دیا کہ جو ملاقات میز پر ہونی تھی وہ اب میدان جنگ میں ہو گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان کے شاہینوں نے چند ہی گھنٹوں میں انڈین فوج کی توپوں کو ایسا خاموش کیا جسے تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔ دشمن کے فوجی اڈے، اسلحے کے انبار اور فضائی اڈے دیکھتے ہی دیکھتے سب کھنڈرات بن گئے، ان کے رافیل ہمارے شاہینوں کے نشانے پر آئے اور فیل ہو گئے۔ ہماری یہ کارروائی اس بوسیدہ نظام کے خلاف تھی جو انسان دشمنی، جارحیت، مذہبی جنون اور تعصب پر قائم ہے۔ یہ ہماری غیرت اور اصولوں کی فتح ہے، ہم نے دشمن کے ساتھ وہ ہی کیا جو ایک باقار قوم کو زیب دیتا ہے۔ یہ افواج پاکستان کی کامیابی کے ساتھ ساتھ پوری پاکستانی قوم کی فتح ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پہلگام واقعے کو بہانہ بنا کر انڈیا نے ہم پر بلاجواز جنگ مسلط کی۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
انہوں نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سمیت تمام سروسز چیف کا بھی شکریہ ادا کیا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔