Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025

سعودی اور امریکی وزرائے خارجہ کا پاکستان اور انڈیا میں کشیدگی کم کرانے کی کوششوں پر گفتگو

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ ’خطے کے امور میں سعودی حکومت کا کردار قابلِ تعریف ہے‘ (فائل فوٹو: گیٹی امیجز)
سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزدہ فیصل بن فرحان اور ان کے امریکی ہم منصب مارکو روبیو نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشیدگی کم کرانے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے ایسے وقت میں ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے جب جنوبی ایشیا کے ان دونوں ممالک کے درمیان بڑے تصادم کا خدشہ ہے۔ 
یہ پیش رفت ایک دن قبل انڈیا کی جانب سے پاکستان کے مختلف شہروں پر میزائل حملوں کے بعد ہوئی ہے جس میں میں 31 افراد ہلاک جبکہ 57 زخمی ہوئے ہیں۔
انڈیا نے اسے کشمیر کے متنازع علاقے میں 22 اپریل کو ہونے والے حملے کا جواب قرار دیا ہے جس میں 26 سیاح ہلاک ہو گئے تھے۔ 
انڈیا نے اس واقعے کا الزام پاکستان پر عائد کیا ہے جبکہ پاکستانی حکومت متعدد بار اس کی تردید بھی کر چکی ہے۔
پاکستان نے کہا ہے کہ اس نے انڈیا کے پانچ لڑاکا طیاروں کو مار گرایا ہے اور اس کے بعد فوجی جھڑپ میں کئی سرحدی چوکیوں کو بھی تباہ کر دیا۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے انڈین میزائل حملوں کو ’سنگین غلطی‘ قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ انڈیا کو ’اِس کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔‘
امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس کا کہنا ہے کہ امریکہ اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے علاقائی سلامتی کے امور، اقتصادی معاملات اور انڈیا اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کم کرانے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’شام میں استحکام، سوڈان میں لڑائی کے خاتمے اور لبنان اور بحیرہ احمر سے متعلق امور کے حوالے سے سعودی حکومت کا کردار قابلِ تعریف ہے۔‘
ایس پی اے کے مطابق سعودی اور امریکی وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات اور دونوں ملکوں کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری کا جائزہ لیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے تازہ ترین علاقائی اور بین الاقوامی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

 

شیئر: