Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
بدھ ، 23 جولائی ، 2025 | Wednesday , July   23, 2025
بدھ ، 23 جولائی ، 2025 | Wednesday , July   23, 2025

لائیو: ترکیہ پاکستان کے دیرینہ دوست کا کردار ادا کرنے کو تیار ہے: شہباز شریف کی ترک صدر سے گفتگو

وزیراعظم شہباز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی (فوٹو: سکرین گریب)
نوٹ: اس پیج کو مزید اپڈیٹ نہیں کیا جا رہا ہے۔
اہم نکات:
آرمی چیف کی ایئر چیف سے ملاقات، ’سالمیت کی خلاف ورزی کرنے والا قیمت ادا کرے گا‘
پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا، انڈیا کے یوٹیوب نیوز چینلز اور ویب سائٹس بلاک
انڈین ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے انڈیا کی جارحیت پر احتجاج 
جنگی صورت حال، پاکستان اور انڈیا کی سٹاک مارکیٹس مندی کا شکار

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان پاکستان کے ساتھ یکجہتی اور حمایت کی تعریف کی ہے۔
وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد کے بدھ کو جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر انڈیا کے بزدلانہ حملے نے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو شدید خطرے میں ڈال دیا ہے اور یہ ناقابل قبول ہے۔‘
بیان کے مطابق’ صدر رجب طیب اردغان نے پاکستانی شہریوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کا اظہار کیا اور جنوبی ایشیا میں امن  کے لیے پاکستان کے عزم کو سراہتے ہوئے پاکستانی عوام کے ساتھ ترکیہ کی یکجہتی کا اعادہ کیا۔‘
 وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان، انڈیا کی بغیر کوئی ثبوت فراہم کیے پہلگام واقعے میں پاکستان کو جھوٹ کی بنیاد پر ملوث کرنے کی کوششوں کو واضح طور پر مسترد کرتا ہے۔‘
’صدر طیب اردوغان نے کہا کہ ترکیہ کشیدگی کو کم کرنے کی حمایت کرتا ہے اور پاکستان کے دیرینہ دوست کے طور پر اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

اسحاق ڈار کی او آئی سی کے سیکریٹری سے گفتگو، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال
پاکستان کے ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طحہٰ سے ٹیلیفونک گفتگو کی اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
بدھ کو وزارت خارجہ کے ترجمان کی طرف سےجاری بیان کے مطابق انہوں نے سیکریٹری جنرل کو انڈیا کے حالیہ غیرقانونی حملوں سے پیدا ہونے والی سنگین علاقائی صورتحال سے آگاہ کیا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری کی یہ خلاف ورزی اعلان جنگ کے مترادف ہے جس کے نتیجے میں بے گناہ شہری ہلاک ہو رہے ہیں اور علاقائی امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ پیدا ہو چکا ہے۔
انہوں نے سیکریٹری جنرل سے کہا کہ وہ پہلگام حملے کے بعد اسلامو فوبیا، نفرت انگیز تشدد اور ان کے خلاف ٹارگٹ حملوں میں خطرناک حد تک اضافے کے پیش نظر انڈیا اور انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں مسلمانوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کوششیں جاری رکھیں۔

آرمی چیف کی ایئر چیف سے ملاقات، ’سالمیت کی خلاف ورزی کرنے والا قیمت ادا کرے گا‘

پاکستان کے آرمی چیف عاصم منیر نے ائیر ہیڈکوارٹرز میں چیف آف ائیر سٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی فضائیہ کے چیف سے ملاقات کی۔
بدھ کو آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ’آرمی چیف نے  چیف آف ائیر سٹاف اور ائیر فورس کے شاہینوں کو انڈین ائیر فورس کی طرف سے کی جانے والی جارحیت کے مذموم منصوبے کو فوراً ناکام بنانے پر خراج تحسین پیش کیا۔‘
بیان کے مطابق ’آرمی چیف نے پاکستان ائیر فورس کو ایک بار پھر دشمن کے متعدد جہاز مار گرانے اور اپنا لوہا منوانے پر بے حد سراہا۔ ملاقات کے دوران  اس عزم کو دہرایا گیا کے کسی کو بھی پاکستان کی جغرافیائی سالمیت کی خلاف ورزی نہیں کرنے دی جائے گی اور جو بھی اس کی کوشش کرے گا اس کی قیمت ادا کرے گا۔‘

پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا، انڈیا کے یوٹیوب نیوز چینلز اور ویب سائٹس بلاک

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کرنے پر انڈیا کے 16 یوٹیوب چینلز، 32 ویب سائٹس بلاک اور 31 یوٹیوب لنک بلاک کر دیے گئے ہیں۔
بدھ کو پی ٹی اے کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ اقدام خطے کی صورتحال کے پیش نظر قومی سلامتی اور ڈیجیٹل ایکو سسٹم کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے۔
مزید کہا گیا کہ بلاک کیے جانے مواد میں غلط معلومات پھیلائی جا رہی تھیں اور ایسا بیانیہ بنایا جا رہا تھا جس سے قومی اتحاد کو نقصان پہنچ سکتا تھا۔

انڈیا کا حملہ، کابینہ کا ہنگامی اجلاس ملتوی

انڈین حملے کے بعد جنم لینے والی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے  بلایا گیا کابینہ کا ہنگامی اجلاس ملتوی کر دیا گیا ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا تھا کہ اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم میں ہو گا جس میں  موجودہ صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا اور آگے کے لیے لائحمہ عمل طے کیا جائے گا۔

جنگی صورت حال، پاکستان اور انڈیا کی سٹاک مارکیٹس مندی کا شکار

رات گئے انڈین حملوں کے بعد آج صبح انڈیا اور پاکستان دونوں کی سٹاک مارکیٹس میں شدید مندی ہے۔

بدھ کی صبح انڈین انڈیکس سینسیکس میں ایک فیصد سے زائد کمی کے باعث مارکیٹ 80 ہزار پوائنٹس کی حد سے نیچے جا پہنچی۔

چند لمحوں میں ہی انڈیکس 76 ہزار پوائنٹس کی سطح کو چھونے لگا۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس گراوٹ کے پیچھے وہی ’خوف اور غیر یقینی کی صورت حال‘ ہے۔

ادھر پاکستان سٹاک ایکسچینج کا حال بھی کچھ مختلف نہ تھا۔ انڈیکس میں 28 سو پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی اور مارکیٹ ایک لاکھ 10 ہزار پوائنٹس کی سطح پر آ گئی۔

سی ای او ٹاپ لائن سیکیورٹیز  محمد سہیل کے مطابق پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا آغاز 6 فیصد کی شدید مندی سے ہوا، تاہم بعد میں کچھ بہتری آئی اور اب مارکیٹ صرف 1 فیصد نیچے ہے۔


گلگت بلتستان کے ہسپتالوں میں بھی ایمرجنسی، عملے کی چھٹیاں منسوخ

 

ملک کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر پنجاب اور اسلام آباد کے بعد گلگت بلتستان کے ہسپتالوں میں بھی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

بدھ کو گلگت بلتستان حکومت کی جانب سے جاری کیے نوٹیفیکیشن میں بتایا گیا ہے کہ نارمل آپریشن ملتوی اور غیر ضروری ایڈمشن پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

اسی طرح ڈاکٹر اور دوسرے طبی عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں اور سٹیشن سے باہر جانے کے لیے اجازت لازمی ہو گی۔


وزیر خزانہ کے زیر صدارت ہنگامی اجلاس، ملک کی اقتصادی صورت حال کا جائزہ لیا گیا

وزارتِ خزانہ میں ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ویڈیو لینک کے ذریعے شرکت کی۔

 اجلاس حالیہ انڈین جارحیت کے بعد خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیشِ نظر مالیاتی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے بلایا گیا تھا۔

اجلاس میں گورنر سٹیٹ بینک، چیئر مین سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان، سیکریٹری خزاہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔


انڈیا نے پاکستان کے کن شہروں کو نشانہ بنایا اور وہاں کتنا نقصان ہوا؟

پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب انڈیا نے پاکستان اور اس کے زیرِانتظام کشمیر میں چھ مقامات پر مجموعی طور پر 24 حملے کیے۔

مزید تفصیل کے لیے اس لنک پر کلک کریں 


مودی اور انڈیا صرف طاقت کی زبان سمجھتے ہیں: عمر ایوب

تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ وہ ملک کا دفاع کرنے والی افواج اور عوام کے لیے دعاگو ہیں۔

بدھ کو ایکس پر پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ وہ  نمونیا کا شکار ہونے کے بعد ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ ’فاشسٹ مودی اور انڈیا صرف فیصلہ کن طاقت کی زبان سمجھتے ہیں، اس پر سخت حملہ کیا جائے۔‘

 

شیئر: