گورنر تبوک شہزادہ فہد بن سلطان بن عبدالعزیز نے منگل کو پبلک بس منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔
اخبار 24 کے مطابق نائب وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ لاجسٹک سروسز ڈاکٹر رمیح الرمیح نے بتایا ’اس وقت عوامی ٹرانسپورٹ منصوبے مملکت کے 16 شہروں میں موجود ہیں جس میں مزید توسیع کی جارہی ہے۔‘
انہوں نے کہا ’ 25 شہروں تک بس سروس کی سہولت فراہم کی جائے گی۔‘
’ پبلک بس سروس کا منصوبہ جلد الاحسا، ابھا، خمیس مشیط اور دیگر شہروں میں بھی شروع کردیا جائے گا اس حوالے سے تیاریاں کی جارہی ہیں۔‘

واضح رہے تبوک میں شروع کیا جانے والا پبلک بس سروس منصوبہ مملکت کی سطح کا پہلا منصوبہ ہے جس میں الیکٹرک بسیں چلائی جارہی ہیں۔
بسوں کے بیڑے میں 25 فیصد بسیں بجلی سے چلنے والی ہیں۔ اس طرح تبوک کو الیکٹرک بس کے حوالے سے پہلا شہر ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہوگا۔
پبلک بس منصوبے کے تحت 136 کلو میٹر پرمحیط 5 ٹریکس پر 30 جدید بسیں چلائی جارہی ہیں جن کے 90 ڈرائیورسعودی ہیں۔ شہرمیں 106 بس سٹیشنز ہیں۔