مصری طالبہ کی یونیورسٹی عمارت سے گر کر ہلاکت معمہ بن گئی
یونیورسٹی انتظامیہ پرسخت اعتراضات اٹھا ئے جا رہے ہیں۔ (فائل فوٹو: العربیہ)
مصرمیں ایک طالبہ یونیورسٹی کی پانچویں منزل سے گر کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھی۔
سوشل میڈیا پر اس المناک واقعے کے حوالے سے یونیورسٹی انتظامیہ پرسخت اعتراضات اٹھا ئے جا رہے ہیں۔
العربیہ کے مطابق مصر کی ’الزقازیق‘ یونیورسٹی میں فورتھ ایئر کی طالبہ روان ناصرعمارت کی پانچویں منزل سے پراسرار انداز میں نیچے گر گئی۔
طالبہ کے نیچے گرتے ہی وہاں دیگر طلبا بھی جمع ہو گئے جنہوں نے ایمبولینس بلانے کے لیے فون کیا مگر ایمبولینس آنے میں تاخیر ہو گئی۔ طالبہ کو فوری ابتدائی طبی امداد میسر نہ آسکی۔ وہ زیادہ خون بہہ جانے سے ہلاک ہو گئی۔
یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’واقعہ کی تحقیقات کے لیے کیس پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا ہے جس کے نتائج آنے پرآگاہ کیا جائے گا۔‘
طالبہ کی ہلاکت کے حوالے سے مختلف آرا پائی جاتی ہیں۔ کچھ نے اس واقعے کو خودکشی قرار دیا جبکہ بعض نے یونیورسٹی کے ڈین اورانتظامیہ کو اس میں ملوث گردانا ہے۔‘
سوشل میڈیا پر بھی صارفین کی جانب سے واقعے کی تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
طالبہ کی ساتھیوں کا کہنا تھا ’ وہ مکمل صحت مند تھی اور کسی قسم کے نفسیاتی مسئلے کا بھی شکار نہیں تھی۔ جلد ہی فارغ التحصیل بھی ہونے والی تھی۔ خودکشی کے بارے میں باتیں بے بنیاد ہیں۔‘
