غلطی سے اکاونٹ میں منتقل ہونے والے 10 ہزار درہم واپس کرنے سے انکار
متاثرہ خاتون نے ابوظبی کورٹ میں مقدمہ دائر کرکے رقم کی واپسی کا مطالبہ کیا (فوٹو: امارات الیوم)
ابوظبی میں ایک خاتون سے 10 ہزار درھم غلطی سے دوسری خاتون کے اکاونٹ میں منتقل ہو گئے۔ خاتون نے غلطی سے آنے والی رقم واپس کرنے سے انکار کر دیا۔
امارات الیوم کے مطابق ابوظبی کی فیملی کورٹ میں متاثرہ خاتون نے مقدمہ دائر کر کے رقم کی واپسی کا مطالبہ کیا۔
مقدمے میں کہا گیا تھا کہ وہ اپنے کسی عزیز کو 10 ہزار درھم ارسال کر رہی تھی کہ رقم کسی غلط اکاونٹ میں منتقل ہو گئی۔
اکاونٹ ہولڈر کے بارے میں معلوم کرکے اس سے رابطہ کیا اور درخواست کی کہ غلطی سے منتقل ہونے والی رقم لوٹا دیں مگر دوسری جانب سے اس نے انکار کر دیا۔
عدالت نے تمام ثبوتوں کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ مدعیہ کے حق میں صادر کرتے ہوئے فریق مخالف کوحکم دیا کہ وہ 10 ہزار درھم جو کہ غلطی سے اس کےاکاونٹ میں منتقل ہو گئی تھی لوٹائے۔
