Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025

پاکستان کا جدید نیویگیشن سسٹم سے لیس ابدالی میزائل کا کامیاب تجربہ

پاکستان نے ابدالی میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے جو 450 کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق زمین سے زمین تک مار کرنے والے ابدالی ویپن سسٹم کی لانچ کا تجربہ تربیتی مشق انڈس کا حصہ ہے۔
سنیچر کو بیان کے مطابق جدید نیویگیشن سسٹم سے لیس ابدالی میزائل کی لانچ کا مقصد افواج پاکستان کی آپریشنل تیاری اور اہم تکینکی پہلوؤں کی یقین دہانی کرنا ہے۔
میزائل کی ٹریننگ لانچ کے موقع پر آرمی سٹریٹیجک فورسز کے کمانڈر، سٹریٹیجک پلان ڈویژن کے اعلیٰ افسران، آرمی سٹریٹیجک فورسز کمانڈ کے علاوہ سائنسدان اور انجینیئر بھی موجود تھے۔
ابدالی میزائل کے کامیاب تجربے پر صدر مملکت، وزیراعظم، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے مبارکباد دی ہے۔
انہوں نے پاکستان کی سٹریٹیجک فورسز کی قومی سلامتی کے لیے اور کسی بھی جارحیت کے خلاف آپریشنل تیاری اور تکنیکی مہارت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
ایک دن پہلے جمعے کو پہلگام واقعے کے بعد انڈیا سے کشیدگی کے حوالے سے پاکستانی فوج کی خصوصی کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے کہا ہے کہ ’جنگ مسلط کرنے کی کسی بھی کوشش کا یقینی اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔‘
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق جمعے کو آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیرِصدارت خصوصی کور کمانڈرز کانفرنس میں خطے کی موجودہ صورتحال کا جامع جائزہ لیا گیا بالخصوص پاکستان اور انڈیا میں کشیدگی اور علاقائی سلامتی زیرِغور آئے۔
فورم نے پاکستان کی مسلح افواج کی کسی بھی جارحیت یا مہم جوئی کے خلاف ملک کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کو برقرار رکھنے کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
آرمی چیف نے مسلح افواج کی غیرمتزلزل پیشہ وارانہ مہارت، ثابت قدم حوصلے اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج دفاع وطن کے لیے اپنے عوام کے ساتھ متحد ہو کر کھڑی ہیں۔
آرمی چیف نے تمام محاذوں پر چوکنا رہنے اور فعال تیاریوں کی اہمیت پر زور دیا۔

شیئر: