Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025

نمایاں کارکردگی پر 20 لاکھ ڈالر کا ’شہزادہ محمد بن فہد انٹرنیشنل ایوارڈ‘

ایوارڈ کے لیے مختلف شعبوں کا انتخاب کیا گیا ہے (فوٹو سبق)
شہزادہ محمد بن فہد یونیورسٹی انتظامیہ نے ’شہزادہ محمد بن فہد انٹرنیشنل ایوارڈ‘ کے اجرا کا اعلان کیا جس کی مالیت 20 لاکھ امریکی ڈالر ہے۔
سبق نیوز کے مطابق یونیورسٹی کی جانب سے قبل ازیں مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کے حامل افراد کے لیے مختلف نوعیت کے متعدد ایوارڈز جاری کیے جاتے تھے جنہیں اب یکجا کرکے ’شہزادہ محمد بن فہد بن عبدالعزیز ایوارڈ ‘ کا نام دے دیا گیا ہے۔
عالمی ایوارڈ کا اجرا سعودی عرب کے ویژن 2030 کے اہداف میں شامل ہے جس کا مقصد  سائنسی علوم اور مختلف شعبوں میں ممتاز کارکردگی کے حامل افراد کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
ایوارڈ کے لیے مختلف شعبوں کا انتخاب کیا گیا ہے جن میں مصنوعی ذہانت، انجینیئرنگ، ٹیکنالوجی، پائیدار ماحولیات، تعلیم اور انسانی ترقی کے لیے کیے جانے والے مثالی کام شامل ہیں۔
یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر عیسی بن حسن الانصاری کا کہنا تھا کہ ’یہ ایوارڈ محض ایک انعام نہیں بلکہ ایک ایسا عالمی پلیٹ فارم ہے جو ذہین افراد کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور فیصلہ سازوں کے مابین رابطوں کو مستحکم کرنے کا ذریعہ ہے‘۔
ڈاکٹر عیسی کا مزید کہنا تھا کہ ’ایوارڈ عالمی سطح پر جاری کیا گیا ہے جس میں شرکت کرنے والوں کے لیے بیش بہا مواقع ہیں جبکہ جیوری کا انتخاب و تقرر بھی انٹرنیشنل سطح کے ماہرین و مختلف شعبوں کی سرکردہ شخصیات کریں گی‘۔
 

 

شیئر: