سپیکر ایاز صادق کی رابطہ کے سکریٹری جنرل اور امام کعبہ سے ملاقات
سپیکر ایاز صادق نے پارلیمانی وفد کے ہمراہ عمرہ بھی ادا کیا۔( فوٹو: سبق)
پاکستان کی قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے سعودی عرب کے دورے کے دوران پارلیمانی وفد کے ہمراہ رابطہ عالم اسلامی کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی سے ملاقات کی ہے۔
سبق کے مطابق رابطہ عالم اسلامی کے سکریٹری جنرل نے مکہ مکرمہ میں اپنے دفتر میں خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر مشترکہ دلچسپی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سپیکر ایاز صادق نے اسلامی اتحاد کے فروغ ، دنیا بھر میں مسلم اقلیتوں کی خدمت، مسلم کمیونٹیز میں لڑکیوں کی تعلیم اور بین الاقوامی فورمز میں عالم اسلام کی نمائندگی کے حوالے سے رابطہ عالم اسلامی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے میں رابطہ کے کردار کا بھی ذکر کیا۔
علاوہ ازیں سپیکر ایاز صادق نے مسجد الحرام کے امام اور سعودی علما کونسل کے رکن شیخ ڈاکٹر صالح بن عبداللہ بن حمید سے بھی ملاقات کی۔
قبل ازیں سپیکر ایاز صادق نے مکہ مکرمہ میں پارلیمانی وفد کے ہمراہ عمرہ ادا کیا۔
وطن عزیز کی ترقی، استحکام اور خوشحالی، عالمِ اسلام کے اتحاد، کشمیر اور فلسطین کے مظلوم عوام کے لیے خصوصی دعائیں کیں گئیں۔
