Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025

وزیرآباد میں عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کرنے والے ملزم نوید کو عمرقید کی سزا

پولیس کی رپورٹ کے مطابق نوید کی فائرنگ سے عمران خان سمیت 11 افراد زخمی ہوئے تھے۔ فائل فوٹو: پی ٹی آئی
پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ میں انسداد دہشتگردی کی عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کے کنٹینر پر وزیرآباد میں فائرنگ کرنے کے مرکزی ملزم نوید کو عمرقید کی سزا سنائی ہے۔
سنیچر کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد نعیم سلیم نے ملزم نوید ولد محمد بشیر پر تعزیرات پاکستان کی دفعات اور انسداد دہشت گردی کی دفعہ کے تحت چلائے گئے مقدمے میں مجرم قرار دیا ہے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق نوید کو دفعہ 302 کے تحت شہری معظم کے قتل پر عمر قید اور انسداد دہشتگردی کی دفعہ کے تحت پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔
عدالت نے نوید کو شہریوں اریب، میر عمر فاروق، عمران یوسف اور محمد لیاقت کو زخمی کرنے کا بھی مجرم قرار دیتے ہوئے مجموعی طور پر 11 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ شہری اریب کو زخمی کرنے کا جرم ثابت ہونے پر نوید کو تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 324 کے تحت 10 سال قید کی سزا سنائی جاتی ہے۔
مجرم کو متاثرہ شہری کو ایک لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
فیصلے میں شہری میر حمزہ کو زخمی کرنے پر بھی نوید کو 10 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔

عمران خان اس کیس میں گواہ کے طور پر پیش نہیں ہوئے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

اسی طرح عمران یوسف اور محمد لیاقت کو زخمی کرنے پر بھی نوید کو دس سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔
اس مقدمے میں تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان سمیت زخمی ہونے والے دیگر کئی متاثرین عدالت میں پیش نہیں ہوئے تھے جس کی وجہ سے اُن کی حد تک مرکزی ملزم کو سزا نہیں دی گئی۔
عدالت میں جمع کرائی گئی پولیس کی رپورٹ کے مطابق نوید کی فائرنگ سے عمران خان سمیت 11 افراد زخمی ہوئے تھے تاہم متعدد زخمیوں نے پولیس کو بیان ریکارڈ کرائے اور نہ ہی  بطور گواہ جج کے سامنے پیش ہوئے۔

 

شیئر: