لائیو: انڈیا نے پاکستانی شہریوں کے میڈیکل ویزے بھی منسوخ کر دیے
جمعرات 24 اپریل 2025 9:31
اہم نکات
-
پاکستان کے وزیر خزانہ کی واشنگٹن میں سعودی وزیر خزانہ سے ملاقات
-
پاکستانی شہریوں کی واہگہ بارڈر کے راستے انڈیا سے واپسی
-
وزیر خارجہ اسحٰق ڈار کا ازبکستان کے وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ
-
لاہور میں سوشل میڈیا پر مبینہ جعلی ویڈیوز اپلوڈ کرنے پر 23 مقدمات درج
-
بلوچستان میں مستحق افراد کو اُن کے اکاؤنٹ میں زکوٰۃ ملے گی: وزیراعلٰی
انڈیا نے پاکستانی شہریوں کے میڈیکل ویزے بھی منسوخ کر دیے
انڈیا کے دفتر خارجہ نے پاکستانی شہریوں کے انڈین ویزوں سے متعلق فیصلوں کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے میڈیکل ویزے بھی منسوخ کرنے کی تصدیق کی ہے۔
جمعرات کو نئی دہلی میں دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق ’پہلگام دہشت گردانہ حملے کے تناظر میں کابینہ کمیٹی برائے سلامتی کے فیصلوں کے تسلسل میں انڈین حکومت نے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا خدمات فوری طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’27 اپریل 2025 سے انڈیا کی طرف سے پاکستانی شہریوں کو جاری کیے گئے تمام موجودہ ویزے منسوخ کر دیے گئے ہیں۔‘
انڈین دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستانی شہریوں کو جاری کیے گئے میڈیکل ویزے صرف 29 اپریل 2025 تک کارآمد ہوں گے۔
’اس وقت انڈیا میں موجود تمام پاکستانی شہریوں کو ویزا کی میعاد ختم ہونے سے پہلے ملک چھوڑنا ہوگا۔‘
اسلام آباد میں انڈین ہائی کمیشن کے سامنے احتجاج

اسلام آباد میں انڈین ہائی کمیشن کے سامنے احتجاج کیا گیا ہے۔
اردو نیوز کے نامہ نگار صالح سفیر عباسی کے مطابق پہلگام واقعے کے بعد انڈیا کے اقدامات کے خلاف ہائی کمشن کے سامنے سول سوسائٹی نے احتجاج کیا۔
احتجاجی مظاہرے میں شرکا کی بڑی تعداد شریک تھی جو انڈیا کے خلاف نعرے بازی کرتی رہی۔ مظاہرین ڈپلومیٹک انکلیو کے گیٹ نمبر دو سے داخل ہوئے اور انڈین ہائی کمیشن کے سامنے پہنچے۔
بلوچستان کے علاقے نوشکی کے ریڈ زون سے چار خودکش جیکٹس برآمد

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے نوشکی کے ریڈ زون سے خودکش جیکٹس برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
جاری کیے گئے بیان کے مطابق خفیہ اطلاع پر بائی پاس روڈ نزد ڈی سی ہاؤس سے چار خودکش جیکٹس برآمد کی گئیں۔
’چار عدد خودکش جیکٹس موٹرسائیکل خورجین میں رکھ کر ریڈ زون میں کچروں کے اندر چھپائی گئی تھیں۔ نوشکی بم ڈسپوزل سکواڈ کی مدد سے خودکش جیکٹس کو ناکارہ بنایا گیا۔‘
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا آئی ایم ایف پروگرام میں معاونت پر سعودی عرب کا شکریہ

پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان سے ملاقات میں آئی ایم ایف پروگرام میں معاونت پر شکریہ ادا کیا ہے۔
واشنگٹن ڈی سی میں ہونے والی اس ملاقات کے بعد جاری کیے گئے بیان کے مطابق وزیر خزانہ نے پاکستان کی اقتصادی ترقی کے سفر میں سعودی عرب کی طویل مدتی اور بھرپور حمایت، بالخصوص آئی ایم ایف پروگرام میں معاونت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
محمد اورنگزیب نے پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کیا اور حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے پر کاربند رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیر خزانہ نے سعودی وزیر خزانہ کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔
پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے مالی امور محمد بن ھادی الحسینی اور ترک وزیر خارجہ سے بھی ملاقاتیں کیں۔
پاکستانی شہریوں کی واہگہ بارڈر کے راستے انڈیا سے واپسی

انڈیا کی جانب ملک چھوڑنے کے لیے 24 گھنٹے کی ڈیڈلائن دیے جانے کے بعد سے پاکستان کے شہریوں کی واہگہ بارڈر کے راستے وطن واپس شروع ہو گئی ہے۔
انڈیا کی بارڈر سیکورٹی فورس کا ایک اہلکار امرتسر سے تقریباً 35 کلومیٹر دور انڈیا اور پاکستان کے درمیان واہگہ بارڈر کی پوسٹ کے قریب اپنے ملک واپس جانے والے پاکستانی شہریوں کے پاسپورٹ چیک کر رہا ہے۔
انڈیا نے 23 اپریل کو پاکستان کے خلاف سفارتی اقدامات کا اعلان کیا تھا۔ کشمیر کے علاقے پہلگام میں 26 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد انڈیا نے اسلام آباد پر الزام لگایا کہ وہ ’کشمیر میں سرحد پار دہشت گردی‘ کے بعد ’شہریوں پر حملے‘ کرنے والوں کی حمایت کر رہا ہے۔
رواں مالی سال کے اختتام پر پاکستان کی معاشی نمو 2.7 فیصد ہوگی: ورلڈ بینک

ورلڈ بینک نے پاکستان کی معاشی نمو رواں مالی سال کے اختتام پر دو اعشاریہ سات فیصد رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق ورلڈ بینک نے پاکستان کی معیشت کی صورتحال اور مہنگائی کم ہونے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے معاشی استحکام کی طرف پیش رفت قرار دیا ہے۔
’ری امیجنگ آ ڈیجیٹل پاکستان‘ کے عنوان سے جاری ورلڈ بینک کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نجی سرمایہ کاری میں اضافے سے معاشی پیداوار یا جی ڈی پی میں اضافہ متوقع ہے۔
جموں و کشمیر کے لیے او آئی سی کے خصوصی ایلچی کا دورہ پاکستان

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے جموں و کشمیر کے لیے خصوصی ایلچی یوسف ایم الدوبے نے پاکستان کا چار روزہ دورہ کیا ہے۔
جمعرات کو اسلام آباد میں دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق او آئی سی کے خصوصی ایلچی کا یہ دورہ 19 سے 22 اپریل تک رہا۔
یوسف ایم الدوبے نے اسلام آباد اور مظفرآباد میں متعدد ملاقاتیں کیں۔
دورے کے دوران خصوصی ایلچی اور ان کے وفد نے وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام، چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا محمد قاسم نون اور سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ سے ملاقاتیں کیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ان ملاقاتوں کے دوران پاکستانی قیادت نے جموں و کشمیر کے عوام کے لیے او آئی سی کی مستقل حمایت کو سراہا۔
وزیر خارجہ اسحٰق ڈار کا ازبکستان کے وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ

پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے ازبکستان کے وزیر خارجہ سیدوف بختیور اودیلووچ سے ٹیلی فون پر گفتگو کی ہے۔
دفتر خارجہ سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق اسحٰق ڈار نے ازبک وزیر خارجہ کو اپنے دورہ افغانستان میں ازبکستان، افغانستان اور پاکستان کے درمیان ریلوے ٹریک منصوبے کے حوالے سے کی گئی بات چیت کے بارے میں بتایا اور اُمید ظاہر کی کہ تینوں ملکوں کے درمیان علاقائی کنیکٹیویٹی کے اہم پراجیکٹ کے فریم ورک معاہدے پر جلد دستخط ہوں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے، اقتصادی اور تجارتی روابط بڑھانے، عوام سے عوام کے تعلقات کو فروغ دینے اور موجودہ علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔
لاہور میں سوشل میڈیا پر مبینہ جعلی ویڈیوز اپلوڈ کرنے پر 23 مقدمات درج

لاہور پولیس نے کہا ہے کہ ’اہم سیاسی و سرکاری شخصیات سے متعلق نازیبا ویڈیوز بنانےاور اپلوڈ کرنے پر پیکا ایکٹ کے تحت 23 مقدمات درج کر لیے گئے۔‘
جمعرات کو جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈی ائی جی انوسٹیگیشن سید ذیشان رضا کی ہدایت پر سوشل میڈیا پر جعلی ویڈیوز اپلوڈ کرنے والوں کے خلاف پولیس کا کریک ڈاون جاری ہے۔
’ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف لاہور کے مختلف تھانوں میں 24 گھنٹوں کے دوران پیکا ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔‘
ڈی آئی جی انویسٹیگیشن سے منسوب بیان کے مطابق ’قومی اداروں کے خلاف قابل اعتراض اور نازیبا مواد کی تشہیر میں ملوث افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، اداروں کی تضحیک اور تمسخر اڑانے والے عناصر کو قانون کی گرفت میں لے کر سخت سے سخت سزا دلوائی جائےگی۔‘
بلوچستان میں مستحق افراد کو اُن کے اکاؤنٹ میں زکوٰۃ ملے گی: وزیراعلٰی

بلوچستان کے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت محکمہ زکوٰۃ کی تنظیم نو اور اصلاحات سے متعلق اجلاس میں غریب افراد تک مالی امداد شفاف طریقے سے بروقت پہنچانے کے طریقہ کار پر مشاورت کی گئی۔
وزیراعلٰی کے دفتر سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اصلاحاتی عمل میں محکمہ زکوٰۃ کے کسی ملازم کو نوکری سے نہیں نکالا جائے گا۔ ایک ماہ میں جامع سفارشات مرتب کر کے منظوری کے لیے پیش کی جائیں گی۔
وزیراعلٰی نے کہا کہ ایسا میکنزم چاہتے ہیں جس سے مستحق افراد کو براہ راست اُن کے اکاؤنٹ میں زکوٰۃ ملے۔
