Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
پیر ، 09 جون ، 2025 | Monday , June   09, 2025
پیر ، 09 جون ، 2025 | Monday , June   09, 2025

امارات کے نائب وزیراعظم کی اسحاق ڈار سے ملاقات، مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط

یو اے ای کے نائب وزیراعظم شیخ عبداللہ بن زاید النہیان پاکستان کے دو روزہ دورے پر ہیں (فوٹو: دفتر خارجہ)
متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے کہا ہے کہ تجارت، سرمایہ کاری اور ہوابازی کے شعبوں میں تعاون کو بڑھایا جا رہا ہے۔
پیر کو امارات کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان اسلام آباد میں دفتر خارجہ پہنچے، تو نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ان کا استقبال کیا۔
متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان اتوار کو دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچے تھے، اس دورے کا مقصد توانائی، تجارت اور سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ وہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے پاکستان کے دورے کا اپنا وعدہ پورا کیا۔
شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے مزید کہا کہ پاکستان ہمارے دل کے قریب ہے اور انہیں پاکستان آ کر خوشی محسوس ہو رہی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ دونوں ممالک کئی میدانوں میں مل کر کام کر رہے ہیں۔
’میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ہمارے تعلقات اچھی رفتار کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں، پاکستان اور یو اے ای کے عوام دونوں ممالک کے درمیان اس رشتے کو مزید آگے بڑھتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔‘

مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط

پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت کے بعد دونوں رہنماؤں نے ثقافتی تعاون اور جوائنٹ کمیٹی کے قیام کے لیے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے۔

پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے حالیہ برسوں میں اپنی اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم کیا ہے۔ فوٹو: اے پی پی

نائب وزرائے اعظم نے متحدہ عرب امارات پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل کے قیام سے متعلق مفاہمت نامے کے تبادلے کا بھی مشاہدہ کیا۔
ان دستاویزات کا مقصد دونوں ممالک کے لوگوں کے ساتھ ساتھ کاروباری شخصیات کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے حالیہ برسوں میں اپنی اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم کیا ہے۔ متحدہ عرب امارات چین اور امریکہ کے بعد پاکستان کا تیسرا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، اور غیر ملکی سرمایہ کاری کا ایک بڑا ذریعہ بھی ہے، جس نے گزشتہ دو دہائیوں میں 10 بلین ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی ہے۔

 

شیئر: