Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
جمعہ ، 04 جولائی ، 2025 | Friday , July   04, 2025
جمعہ ، 04 جولائی ، 2025 | Friday , July   04, 2025

مملکت، دنیا میں بحالی امن کیلئے جدوجہد جاری رکھے گا، شاہ سلمان

مکہ مکرمہ.... خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے سعودی عوام اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو ”کل عام و انتم بخیر“ کہہ کر عید کی مبارکباد دیدی۔ انہوں نے اس موقع پر امت مسلمہ کو عفو و درگزر، رواداری ، صلہ رحمی، ہمدردی و غمگساری، رحمدلی اور ایک دوسرے کی دست گیری کا پیغام دیا۔ شاہ سلمان نے ہر طرح کی دہشتگردی کو امن و سکون غارت کرنے والی آفت بتایا اور معاشرے کو اس سے بچانے میں اپنا کردار ادا کرنے پر زور دیا۔سعودی وزیر ثقافت و اطلاعات ڈاکٹر عوادال عواد نے سعودی عوام اور امت مسلمہ کے نام شاہ سلمان کا عید پیغام ریڈیو، ٹی وی سے پڑھ کر سنایا۔ خادم حرمین شریفین نے اللہ تعالیٰ کی حمد و ثناءاور پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم پر درود سلام کے بعد سعودی عوام اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب مسرت و شادمانی کے جذبات سے سرشار ہیں۔ ہم سب اس رب کے شکر گزار ہیں جس نے ہمیں رمضان کے دن روزے رکھ کر اور راتیں عبادت سے آباد کرنے اور بے شمار کارخیر کرنے کی توفیق بخشی۔روزوں کا اجر خود رب کی جانب سے ملنے کے وعدے پر روزے رکھے گئے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمارا نام ان خوش بخت لوگوں کی فہرست میں شامل کرلے جن کے اعمال صالحہ اس نے قبول کرلئے۔ شاہ سلمان نے برادران اسلام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام نے ہر حال میں انسان کے تزکیہ کااہتمام کیا ہے۔ اسلام نے عید کو میل ملاپ ، رواداری ، رحمدلی اور صلہ رحمی کے فروغ کا زریں موقع بنایا ہے۔ اس موقع پر مظلوم ستمگر کے ساتھ عفوو درگزر سے کام لیتا ہے جبکہ مالدار نادار کی ضرورت پوری کرتا ہے۔ شاہ سلمان نے مسلمانان عالم کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے معاشرے سکون و اطمینان وامن وسلامتی کا گہوارہ تھے۔ دہشتگردی نے انارکی اوربدامنی پھیلا کر برباد کردیئے۔ دہشتگردی عصر حاضر کی بدترین آفت ہے۔ سعودی عرب نے پوری دنیا میں امن و استحکام کی بحالی اور ہر رنگ و شکل کی دہشتگردی کے خاتمے کیلئے بھرپور کام کیا۔ آئندہ بھی جدوجہد جاری رکھے گا۔ شاہ سلمان نے اپنے پیغام میں کہا کہ سعودی عرب نے اپنے دل کے دروازے ضیوف الرحمن کیلئے کھولے ہوئے ہیں۔ حج و عمرہ و زیارت پر آنے والوں کی خدمت کیلئے جملہ وسائل وقف ہیں۔ حج و عمرے کے شعائر اور زیارت آرام و راحت و سکون و اطمینان سے انجام دینے کا موقع مہیا کرنے کیلئے تمام سہولتیں فراہم کئے ہوئے ہیں۔ اللہ کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں اپنے دین ، اس کے پیرو کاروں اور ضیوف الرحمن کی خدمت کی سعادت بخشی۔ یہ فرض بانی مملکت شاہ عبدالعزیزرحمتہ اللہ علیہ کے دور سے مسلسل انجام دیا جارہا ہے۔ خانہ کعبہ کے پہلو میں بیٹھ کر دعا گو ہوں کہ وہ آئندہ بھی ہمیں اپنے دین اسلام اور اسکے پیرو کاروں کی خدمت کی توفیق عطا کرتا رہے۔ اللہ تعالیٰ سعودی عرب اور تمام مسلمانوں کے علاقوں کی پاسبانی کرے۔

شیئر: