سیریئن ایئرلائنز کی شام اور امارات کے درمیان پروازوں کی بحالی کا اعلان
اتوار 20 اپریل 2025 15:57
پہلے مرحلے میں دمشق سے دبئی اور شارجہ کے لیے پروازیں شروع کی جائیں گی۔ فوٹو: اے ایف پی
سیریئن ایئرلائنز نے باضابطہ طور پر شام اور متحدہ عرب امارات کے درمیان پروازوں کی بحالی کا اعلان کیا ہے۔
دی سیریئن عرب نیوز ایجنسی (سانا) کے مطابق ابتدائی مرحلے میں دبئی اور شارجہ کے لیے پروازیں شروع کی جائیں گی۔
سیریئن ایئرلائنز کے آفیشل فیس بک پیج پر جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہفتے میں چار دن سنیچر، پیر، بدھ اور جمعرات کو دمشق اور دبئی کے درمیان پروازیں چلائی جائیں گی۔ اور منصوبے کے مطابق جلد ان کو روزانہ کی بنیاد پر چلانے کی طرف پیش رفت ہوگی۔
شارجہ کے لیے پروازیں اتوار، منگل اور جمعے کو چلائی جائیں گی، اور ان کو پروازوں کو روزانہ کی بنیاد پر آپریٹ کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
دمشق-ابوظہبی روٹس پر منگل اور جمعے پروازیں چلائی جائیں گی۔
سیریئن ایئرلائنز نے کہا ہے کہ متعلقہ محکموں سے ضروری منظوریوں کے بعد وہ اپنے نیٹ ورک کو جلد از جلد بڑھانے کے لیے کام کر رہی ہے۔
بیان میں کیا گیا ہے کہ مسافروں کو مزید معلومات کے لیے شام میں اور بیرون ملک ایئرلائن کے دفاتر سے رابطہ کرنا چاہیے تاکہ سہولت حاصل کر سکیں۔
